• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 66977

    عنوان: ماثورہ اذکار و اوراد ایک وقت کی نماز میں صرف ایک بار مسنون ہیں

    سوال: ۳۳ مرتبہ اللہ اکبر ، ۳۳ مرتبہ سبحان اللہ ، ۳۳ مرتبہ الحمد للہ اور ایک مرتبہ الا اللہ الا اللہ ، یہ صرف فرض نماز کے بعد پڑھنا چاہئے یا سنت اور نفل کے بعد بھی پڑھنا چاہئے؟

    جواب نمبر: 66977

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1231-1214/N=11/1437

    پنجوقتہ نمازوں کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے جو اذکار و اوراد منقول ہیں جیسے: ۳۳/ مرتبہ سبحان اللہ، ۳۳/ مرتبہ الحمد للہ، ۳۳/ مرتبہ اللہ اکبر اور ایک مرتبہ لاالہ الا اللہ وحدہ لاشریک لہ الخ یہ اذکار حضرات احناف کے نزدیک جن فرض نمازوں کے بعد سنتیں ہیں اُن میں سنتوں کے بعد پڑھے جائیں گے اور جن کے بعد سنتیں نہیں ہیں ان میں سلام کے بعد (مراقی الفلاح و حاشیہ الطحطاوی علی المراقی ص: ۳۱۱-۳۱۳، مطبوعہ: دارالکتاب العلمیہ بیروت ) اور یہ اذکار و اوراد ایک وقت کی نماز میں صرف ایک بار مسنون ہیں، ہر سنت اور نفل نماز کے بعد الگ الگ مسنون نہیں ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند