• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 6466

    عنوان:

    اگر کوئی استخارہ کرنا چاہے تو اس کا مسنون طریقہ کیا ہے؟

    سوال:

    اگر کوئی استخارہ کرنا چاہے تو اس کا مسنون طریقہ کیا ہے؟

    جواب نمبر: 6466

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 605=605/ م

     

    استخارہ کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ پہلے دو رکعت نفل نماز پڑھے، اس کے بعد خوب دل لگاکر یہ دعا پڑھے: اللَّہمَّ اِنِّي أَسْتَخِیْرُکَ بِعِلْمِکَ وَأَسْتَقْدِرُک بِقُدْرَتِکَ وَأَسْأَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ الْعَظِیْمِ فَاِنَّکَ تَقْدِرُ وَلَا أَقْدِرُ وَتَعْلَمُ وَلَا أَعْلَمُ وَأَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ اللَّہُمَّ إِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ ہَذَا الْأَمْرَ خَیْرٌ لِيْ فِيْ دِیْنِيْ وَمَعَاشِيْ وَعَاقِبَةِ أَمْرِيْ فَاقْدُرْہ لِيْ وَیَسِّرْہُ لِيْ ثُمَّ بَارِکْ لِيْ فِیْہ وَإِنْ کُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ ہَذَا الْأَمْرَ شَرٌّ لِيْ فِيْ دِیْنِي وَمَعَاشِيْ وَعَاقِبَةِ أَمْرِي فَاصْرِفْہُ عَنِّيْ وَاصْرِفْنِيْ عَنْہُ وَاقْدُرْ لِي الْخَیْرَ حَیْثُ کَانَ ثُمَّ أَرْضِنِيْ اور جب ھذا الأمر پر پہنچے تو اس کے پڑھتے وقت اسی کام کا دھیان کرے جس کے لیے استخارہ کرنا چاہتا ہے، اس کے بعد پاک و صاف بستر پر قبلہ کر طرف منھ کرکے باوضو سوجائے، جب سوکر اٹھے، اس وقت جو بات دل میں مضبوطی سے آئے وہی بہتر ہے اسی کو کرنا چاہیے، اگر ایک دن میں کچھ معلوم نہ ہو اور دل کا خلجان اور تردد دور نہ ہو تو دوسرے دن پھر ایسا ہی کرے، غرض دل مطمئن ہونے تک سلسلہ جاری رکھنا چاہیے، ان شاء اللہ ضرور اس کام کی بھلائی یا برائی معلوم ہوجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند