• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 63438

    عنوان: پچھلے دس سال سے ہمارے اوپر قرض ہے جو اتر نہیں رہا ہے،

    سوال: پچھلے دس سال سے ہمارے اوپر قرض ہے جو اتر نہیں رہا ہے، کاروبار بھی پہلے جیسا نہیں رہا، جس مولانا کو دکھاتے ہیں وہ کاروبار اور گھر پر اثربتاتے ہیں ،اتار بھی کرتے ہیں ،پر فرق معلوم نہیں ہوتا، اب توگھر میں لڑائی جھگڑے نے ڈیراڈال رکھا ہے، نا اتفاقی بہت بڑھ گئی ہے، سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کیا جائے؟ بڑے بھائی والد صاحب سے بدتمیزی سے پیش آتے ہیں۔

    جواب نمبر: 63438

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 349-349/M=4/1437-U بڑے بھائی کو نرمی حکمت وحسن تدبیر سے سمجھاتے رہیں کہ والد صاحب کا مقام ومرتبہ بہت بلند ہے حدیث میں ہے کہ باپ کی خوشی میں اللہ کی خوشی ہے اور باپ کی ناراضگی میں اللہ کی ناراضگی ہے اس لیے باپ کے ساتھ بدتمیزی اور گستاخی ہرگز جائز نہیں، اس سے دنیا وآخرت دونوں برباد ہوجاتی ہیں، اللہ تعالیٰ آپ کو جلد از جلد قرض سے سبکدوشی نصیب کرے آمین، کاروبار میں اتار چڑھاوٴ کا پیش آنا تقریباً ہرکاروباری کے ساتھ ہوتا ہے، صبر وہمت سے کام لیں، تنگی وپریشانی کے بعد فراخی وآسانی بھی آتی ہے، نمازوں کی پابندی رکھیں رزق میں کشادگی ہوگی، گناہوں اور حرام کاموں سے بچیں اور قرضی کی ادائیگی کے لیے صبح وشام یہ دعا پڑھا کریں۔ ”اللَّہُمَّ اکْفِنِی بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ، وَأَغْنِنِی بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ“․


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند