• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 61298

    عنوان: میں ملازمت کی تلاش میں ہوں۔میرے ایک دوست نے مجھے روزانہ عشاء کی نماز کے بعد درود مستغاث (DAROOD E MUSTAGAAS) پڑھنے کے لیے کہا ، میں نے کبھی اس درود کے بارے میں نہیں سنا تو کیا مجھے یہ درود پڑھنا چاہئے؟

    سوال: میں ملازمت کی تلاش میں ہوں۔میرے ایک دوست نے مجھے روزانہ عشاء کی نماز کے بعد درود مستغاث (DAROOD E MUSTAGAAS) پڑھنے کے لیے کہا ، میں نے کبھی اس درود کے بارے میں نہیں سنا تو کیا مجھے یہ درود پڑھنا چاہئے؟

    جواب نمبر: 61298

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1021-993/N=12/1436-U اگر آپ جائز وحلال ملازمت یا ذریعہ معاش کی تلاش میں ہیں تو آپ درج ذیل دعا کثرت سے پڑھا کریں، انشاء اللہ جلد از جلد بآسانی کوئی حلال وجائز ملازمت یا ذریعہ معاش میسر ہوجائے گا۔ اور اگر آپ یہ دعا روزانہ کم از کم تین سو مرتبہ مع اول وآخر گیارہ گیارہ بار درود شریف پڑھ لیا کریں تو بہت بہتر ہوگا، وہ دعا یہ ہے: اللّٰھُمَّ اکْفِنِيْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَأَغْنِنِيْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ (مشکوة شریف ص۲۱۵، ۲۱۶ بحوالہ: سنن ترمذی ودعوات کبیر للبیہقی)۔ اور آپ کو کسی دوست نے جو درود مستغاث بتایا ہے، معلوم نہیں کہ اس کے کلمات کیا ہیں؟نیز اس میں شرعی اعتبار سے کوئی قابل اعتراض جملہ تو نہیں ہے؟ اس لیے ہم اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے؛ کیوں کہ بعض درود کے صیغے اہل بدعت کے ایجاد کردہ ہیں اور ان میں بعض قابل اعتراض کلمات پائے جاتے ہیں، اگر آپ درود مستغاث کے کلمات لکھ کر بھیجتے تو اس کے متعلق کچھ عرض کرنا ممکن ہوتا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند