• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 610070

    عنوان: اوراد و وظائف سے پریشانی کا حل 

    سوال:

    سوال : بہت سی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ احتلام کی وجہ سے آدمی ناپاک ہوتا ہے لیکن اس پر ناپاکی کی وجہ سے جنات و شیاطین کے اثرات وغیرہ نہیں ہوتے لیکن کبھی ایسا بھی ہوتا ھیکہ پنج وقتیہ نماز پڑھی جاتی ہے اور ایۃ الکرسی بھی پڑھتے ہیں اور سونے سے قبل معوذتین و آیۃ الکرسی بھی پڑھتے ہیں اور ڈراونے خواب پڑھتے ہیں اور اثرات ہوتے ہیں۔ تو اسکی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟

    2۔ صبح شام بیماری اور پریشانی سے بچنے کے لیے اوراد و وظائف اور قرآنی آیات کی تلاوت ہوتی ہے لیکن پھر بھی آدمی پریشان کبھی بیماری کا شکار ہوجاتا ہے۔ جبکہ آدمی کو ان اعمال پر مکمل یقین ہے کہ ان کے پڑھنے سے بیماری وغیرہ نہیں ہوگی۔

    جواب نمبر: 610070

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 903-758/B=07/1443

     اگر جسم اور كپڑے پاك ہوں‏، بستر بھی پاك ہو‏، گھر بھی ہر قسم كی نجاست سے پاك ہو اور پھر معوذتین‏، آیۃ الكرسی پڑھ كر سوئے تو ڈراؤنے خواب نظر نہیں آئیں گے۔ اگر پہلے سے ہی وہ ڈراؤنے خواب اس كے دماغ میں رہتے ہیں تو وہ نظر آسكتے ہیں۔

    آپ ایك مرتبہ صبح اور ایك مرتبہ شام كو یہ وظیفہ پڑھ لیا كریں‏، سورہٴ حشر كی آخری آیت پڑھیں‏، اور اس سے پہلے تین مرتبہ اعوذ باللہ السمیع العلیم من الشیطان الرجیم پڑھ لیں‏، پھر رب اعوذبك من ہمزات الشیاطین واعوذبك رب ان یحضرون تین مرتبہ پڑھیں‏، پھر قل ہو اللہ احد‏، قل اعوذ برب الفلق‏، پھر قل اعوذ برب الناس‏، یہ تینوں سورتیں تین تین بار پڑھیں‏، پھر كسی طرح كی كوئی پریشانی لاحق نہ ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند