• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 604821

    عنوان:

    حل مشكلات كے لیے سوال میں مذكور اَوارد میں سے كونسا وِرد زیادہ اچھا ہے؟

    سوال:

    مفتی صاحب! 1) مشکلات کے حل اور حاجت روائی کے لیے ان میں سے کونسا ورد کرنا زیادہ بہتر ہو گا۔ (الف) استغفر اللّٰہ۔ (ب) الحمدللّٰہ۔ (ج) صلی اللّٰہ علیہ وسلم۔ (د) سبحان اللّٰہ وبحمدہ۔ (ہ) سبحان اللّٰہ وبحمدہ سبحان اللّٰہ العظیم۔ (و)لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظالمین۔ (ز)حسبنا اللّٰہ و نعم الوکیل۔ (ق) یا حی یا قیوم برحمتک استغیث۔ (ر) لا حول ولا قوة الا باللہ العلی العظیم۔ (ش) ایاک نعبد و ایاک نستعین۔ (ت) سورة اخلاص۔ 2) ان اوراد کے فضائل بھی بتا دیں۔ 3)میں اپنے نکاح کے لیے درج ذیل وظائف پڑھ رہا ہوں۔ (الف) ہر سوموار 4 رکعات نفل پہلی رکعت میں سورة الفاتحہ کے بعد 10 مرتبہ، دوسری رکعت میں 20 مرتبہ، تیسری رکعت میں 30 اور چوتھی رکعت میں 40 مرتبہ سورة اخلاص۔ اور نوافل کے بعد 75 مرتبہ اللھم اغفرلی اور 70 مرتبہ درود ابراہیمی۔ (سات سوموار تک). (ب) روزانہ دو رکعت نفل۔ اور 100 مرتبہ یا لطیف بمع اول آخر درود شریف۔ (40 روز تک)۔ (ج) 300 مرتبہ یا لطیف یا ودود بمع اول و آخر درود شریف روزانہ۔ (د)100 مرتبہ لاحول ولا قوة الا باللہ العلی العظیم بمع اول و آخر درود شریف روزانہ۔ لیکن ان وظائف سے ابھی تک کچھ فرق نظر نہیں آ رہی۔(روزے رکھنے اور نوافل سے بھی میری شہوت ختم نہیں ہو رہی)۔ 4) زیارت رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے لیے میں نے درج ذیل وظائف کیے تھے لیکن ان سے کچھ ظاہری اثر نظر نہیں آ رہا۔ (الف) 3 جمعے دو رکعات نفل بعد نماز مغرب۔ ہر رکعت میں سورة فاتحہ کے بعد 11 مرتبہ آیت الکرسی اور 11 مرتبہ سورة اخلاص۔ نوافل کے بعد 1000 مرتبہ صلی اللّٰہ علی محمد النبی الامی و علی آلہ وصحبہ وبارک وسلم۔ (ب) شب جمعہ دو رکعت نفل۔ دونوں رکعات میں سورة فاتحہ کے بعد 35 مرتبہ سورة اخلاص۔ نماز کے بعد 1000 مرتبہ صلی اللّٰہ علی محمد النبی الامی۔ 5) دعا میں توجہ اور اخلاص کے لیے کیا کیا جائے ۔ 6) روزگار کے لیے کوئی وظیفہ بتا دیں۔ 7) میرے لیے خصوصی دعا کی درخواست ہے ۔

    جواب نمبر: 604821

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1161-306T/H=11/1442

     (۱) جتنے اوراد آپ نے لکھے ہیں سب درست ہیں۔ جس وقت جس ورد میں استحضار قلبی زیادہ محسوس کریں اُس وقت میں مذکورہ فی السوال وردوں میں سے اُسی کو اختیار کرلیا کریں۔

    (۲) مجھے ان اوراد کے فضائل کی تحقیق مستحضر نہیں ہے۔

    (۳) صرف وظائف ہی پڑھ رہے ہیں یا نکاح کے لئے دیگر مناسب اور ضروری کوششیں بھی انجام دے رہے ہیں؟

    (۴) حضرت اقدس شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب مہاجر مدنی رحمہ اللہ تعالی رحمة واسعہ کی مشہور کتاب ”فضائل درود شریف“ میں اس موضوع سے متعلق پوری بحث بغور کئی مرتبہ مطالعہ کریں پھر کوئی اشکال رہے تو لکھیں۔

    (۵) حلال پاکیزہ غذا و لباس تقویٰ طہارت اداءِ حقوق اللہ و حقوق العباد اتباع سنت قلب و نظر اور زبان کی حفاظت حضراتِ سلف صالحین اولیاء کرام سے ربط قوی اور ان کی ہدایات ونصائح پر عمل کو حرزِجان بنالیں اور ہر چھوٹے بڑے گناہ سے اپنے آپ کو بچاتے رہیں، متقی نیک لوگوں سے مشورہ کرکے نیز استخارہ مسنون طریق پر کرلیں اور کسی متبع سنت شیخ کامل کی صحبت اختیار کریں اُن کی ہدایات پر عمل کریں۔

    (۶) سورہٴ الم نشرح اور سورہٴ قریش ہر نماز کے بعد اور سونے سے قبل سات (7) مرتبہ اور اول و آخر درود شریف سات سات (7-7) دفعہ پڑھ کر دعاء کا اہتما کرتے رہیں۔

    (۷) اللہ پاک آپ کو تمام مقاصد حسنہ میں پوری کامیابی عطاء فرمائے، ہر خیر سے نوازے اور ہر شر سے حفاظت فرمائے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند