متفرقات >> دعاء و استغفار
سوال نمبر: 604592
سوال : مفتی صاحب! (1) دعا میں توجہ، خشوع و خضوع، اور قبولیت کا یقین حاصل کرنے کا وظیفہ بتا دیں۔ (2) روزگار حاصل کرنے کا وظیفہ بھی بتا دیں۔ (3) میں گناہ سے بچنے کے لیے اپنی پھوپھی زاد سے نکاح کرنا چاہتا ہوں۔ لیکن (الف) میرے والدین میری شادی کے بارے میں نہیں سوچتے ۔ (ب) ہم دونوں خاندانوں میں کشیدگی موجود ہے ۔ (ج) میں پڑھا لکھا ہونے کے باوجود بے روزگار ہوں۔ اس لیے میرے لیے دعا فرمائیں اور کوئی وظیفہ بھی عنایت کر دیں۔(روزے رکھنے اور نوافل سے بھی میری شہوت کم نہیں ہو رہی)۔ (4) زیارت رسول اکرم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے لیے کوئی درود بیان فرما دیں۔
جواب نمبر: 604592
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa:781-124T/sd=10/1442
(۱) دعا کے جو آداب ہیں، ان پر عمل کریں، مثلا: سب سے پہلے اللہ تعالی کی حمد و ثناء کریں، پھر حضور ﷺ پر درود شریف پڑھیں اور خوب تضرع اور گریہ وزاری کے ساتھ دعا مانگیں، دعا کے سلسلے میں حکیم الامت حضرت تھانوی رحمة اللہ علیہ کا حیاة المسلمین میں ایک قیمتی مضمون ہے، جس میں دعا کی حقیقت وغیرہ تفصیل سے بیان کی گئی ہے، کسی عالم دین سے یہ مضمون سمجھ کر پڑھ لیں۔
(۲) حلال روزگار کے لیے محنت و کوشش اور دنیوی تدبیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی میں تقوی کا بھی اہتمام کریں، گناہوں سے بچیں، اس لیے کہ اللہ تعالی نے قرآن کریم میں فرمایا ہے کہ جو شخص تقوی اختیار کرتا ہے،، تو اللہ تعالی اُس کو ایسی جگہ سے رزق پہنچاتا ہے، جہاں سے اُ س کا گمان بھی نہیں ہوتا۔ وَمَن یَتَّقِ اللّٰہَ یَجعَل لَہ مَخرَجاً وَ یَرزُقہ مِن حَیثُ لَا یَحتَسِب (الطلاق:۳ ) حضرت مفتی شفیع صاحب فرماتے ہیں: اللہ تعالی متقی یعنی:گناہوں سے بچنے والے آدمی کے لیے دنیا و آخرت کی ہر مشکل و مصیبت سے نجات کا راستہ نکال دیتے ہیں اور دوسری برکت یہ ہے کہ ا س کو ایسی جگہ سے رزق عطا فرماتے ہیں ، جہاں کا اس کو خیال و گمان بھی نہیں ہوتا “( معارف القرآن : ۸/۴۸۶، الطلاق: ۳ )
(۳) صبح و شام سورہ واقعہ اور سورہ طارق پابندی سے پڑھیں۔
(۴) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خواب میں زیارت کے لیے سب سے مجرب وظیفہ آپ کی سنتوں کی مکمل اتباع اور درود شریف کی کثرت ہے ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند