• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 602633

    عنوان:

    توبہ كرلینے كا بعد وسوسہ آنا كہ تم نے ایسے گناہ كیے ہیں تمھاری معافی نہیں؟

    سوال:

    میں جب پندرہ سال کا تھا میں اِس گناہ میں مبتلا ہوا، مجھے آدمی پسند ہے اور مجھ سے زنا بھی ہوا، اب میں نے توبہ کرلی ہے ، اب جب بھی نیکی کا کام کرتا تو وہ سارے گناہ سامنے آجاتے ہیں، شیطان دل میں وسوسہ ڈالتا ہے کہ تم نے تو زنا کیا ہے ،تیری اب کوئی معافی نہیں ہے ۔ اب میں بہت بیمار ہوں، کیا اللہ مجھے معاف کرے گا۔

    جواب نمبر: 602633

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 472-389/D=07/1442

     حدیث میں ہے التائب من الذنب کمن لا ذنب لہ۔ یعنی گناہ سے توبہ کرلینے والا گناہ سے اس طرح پاک و صاف ہوجاتا ہے جیسے کہ اس نے گناہ کیا ہی نہیں۔

    توبہ کے لئے ضروری ہے کہ آدمی اس برے عمل کو چھوڑ دے اور جو کچھ کیا اس پر دل سے نادم اور شرمندہ ہو اور آئندہ کے لئے پختہ ارادہ کرے کہ اب پھر ایسا گناہ نہیں کریں گے۔ جس لڑکی کے ساتھ زنا ہوا اس سے مکمل شرعی پردہ کریں کبھی بات چیت بھی نہ کریں۔ اور بھی جو نامحرم عورتیں ہیں ان سے مکمل پردہ کرنے کی کوشش کریں۔

    یقینا آپ نے اسی طرح توبہ کی ہوگی تو اللہ تعالی کے ذات سے امید رکھیں کہ اس نے معاف کردیا ہوگا۔ خواہ مخواہ کے لئے شیطانی وساوس میں نہ پڑیں جو سچی توبہ کرتا ہے اللہ تعالی اس کے سارے گناہ معاف فرمادیتے ہیں۔ ان اللہ یغفر الذنوب جمیعاً۔ بیشک اللہ تعالی سارے گناہ معاف فرما دے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند