متفرقات >> دعاء و استغفار
سوال نمبر: 601552
کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں مسجد میں داخل ہونے کی دعا جو پڑھی جاتی ہے کہاں پر پڑھی جائے مین گیٹ پر پڑھیں یا چپل اتارنے کے بعد فرش پر پڑھیں 2 اور مسجد میں داخل ہو تے وقت سلام کس جگہ کرے مین گیٹ پر یا اندر مسجد میں نمازی بیٹھے ہو وہاں پر آواز سے یا آہستہ برائے۔ مہربانی جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع دیں ۔
جواب نمبر: 601552
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 290-262/D=05/1442
(۱) گیٹ پر نہیں بلکہ مسجد کا جو حصہ نماز کے لیے مخصوص ہے اور مسجد شرعی کے نام سے جانا جاتا ہے (جہاں جنبی کے لیے جانا منع ہے) مسجد کے ایسے حصے میں داخل ہوتے وقت دعا پڑھی جائے گی۔
(۲) جو لوگ مسجد میں نماز پڑھنے تسبیح و ذکر کرنے میں مشغول ہیں یا نماز کے انتظار میں بیٹھے ہیں انھیں سلام نہ کیا جائے۔ اگر آنے والے نے سلام کرلیا تو اس کے سلام کا جواب نہ دینا درست ہے۔
اگر کچھ لوگ سنن و نوافل میں مشغول ہیں اور کچھ لوگ خالی بیٹھے ہیں تو سلام کرنے نہ کرنے کا اختیار ہے نیز سلام اگر کرے تو اس طرح کرے کہ نمازی یا ذاکر کو تشویش نہ ہو، لہٰذا بلند آواز سے سلام نہ کرے۔
قال الشامی: ان دخل مسجداً وبعض القوم فی الصلاة وبعضہم لم یکونوا فیہا یسلم وان لم یسلم لم یکن تارکاً للسنة ۔ (الدر مع الرد: 9/592)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند