• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 601335

    عنوان: لڑكیوں كے رشتہ كے لیے وظیفہ

    سوال:

    میری بہن کا نام شاہجہان ہے، ان کی تین بیٹیاں ہیں، ایک سمیرہ ، عمر ۴۱سال، مصباح ، عمر ۳۵سال، سحریش ، عمر ۳۱سال ،مصباح کی دو مرتبہ منگی ٹوٹ گئی ہے، ابھی تیسرا رشتہ آیا ہے ، لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا ہے، سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا مسئلہ ہے؟ باقی دو لڑکیوں کے لیے بھی کوئی رشتہ نہیں آتاہے، براہ کرم، اس بارے میں کچھ رہنمائی فرمائیں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 601335

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:233-160/N=4/1442

     آپ کی تینوں بھانجیوں کو چاہیے کہ وہ روزانہ بعد عشاء دو رکعت صلاة الحاجت پڑھیں، اس کے بعد اول وآخر سات سات بار درود شریف اور درمیان میں ۱۰۱/ مرتبہ ”یَا بَدِیْعَ الْعَجَائِبِ بِالْخَیْرِ یَا بَدِیْعُ“پڑھیں، پھر توجہ اور یکسوئی کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے مناسب رشتہ کی دعا کریں(فتاوی محمودیہ۲۰:۸۹،۹۰،سوال: ۹۶۲۳، مطبوعہ: ادارہٴ صدیق ڈابھیل)، إن شاء اللہ جلد از جلد کوئی مناسب رشتہ مل جائے گا؛ البتہ ماہواری کے ایام میں صرف وظیفہ پڑھیں اور اس کے بعد دعا کریں، صلاة الحاجت نہ پڑھیں؛ کیوں کہ عورت کے لیے ماہواری کے ایام میں کوئی نماز جائز نہیں ۔اور بعض اکابر نے مناسب رشتہ کے لیے روزانہ بعد نماز ظہر سورہ مزمل کی تلاوت کو بھی مجرب بتایا ہے ؛ البتہ سورہ مزمل بھی صرف پاکی کے ایام میں پڑھی جائے ، ماہواری کے ایام میں نہیں۔اللہ تعالی جلد از جلد آپ کی تینوں بھانجیوں کے لیے مناسب رشتہ کا نظم فرمائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند