• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 57513

    عنوان: بیوی سے دور رہتا ہوں‏ گناہ سے كیسے بچوں

    سوال: میں ہندوستان کا رہنے والا ہوں، میری مالی حالت بہت خراب تھی، اس لیے مجھے مئی 2014 میں پہلی بار شادی کے ۱۰ دس سال بعد اپنی بیوی سے دور کام کے لیے افریقہ آنا پڑا، اب یہاں آنے کے بعد شہوت اور شیطانی وسوسہ سے کافی پریشان ہوں۔ اس ملک میں زنا کافی آسان ہے، میں زنا جیسے گناہ کبیرہ سے دور رہنا چاہتاہوں تو کیا مشت زنی کے ذریعہ تسکین کی جاسکتی ہے ؟ کیوں کہ یہاں کی ملازمت میں تنخواہ اچھی ہے،میں اسے چھوڑنا نہیں چاہتا، کمپنی دو سال کے بعد ہی فیملی کو لانے کی اجازت دیتی ہے۔ براہ کرم، میری رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 57513

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 166-166/Sd=4/1436-U مشت زنی کرنا گناہِ کبرہ ہے، حدیث میں اس فعل پر لعنت کی گئی ہے؛ اس لیے آپ اس فعل سے بھی بچنے کی کوشش کریں، جنسی ہیجان پیدا کرنے والی اشیاء سے اپنے کو دور رکھیں، خصوصاً نگاہوں کی حفاظت کریں اوراپنے آپ کو مفید کاموں میں مشغول رکھیں، یہ دعا کثرت سے پڑھیں: ”اللّٰہُمَّ اِنّیْ اَعُوْذُ بِکَ مِن شَرِّ مَنِیِّيْ“ او رکبھی کبھی نفلی روزے بھی رکھ لیا کریں، ان شاء اللہ آپ کی پریشانی دور ہوجائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند