• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 55017

    عنوان: كیا آدمی سحر سے متأثر ہوكر بیمار ہوسكتا ہے؟

    سوال: میرے گھر میں کچھ ایسے حادثات اور واقعات ہوئے ہیں جن سے ہم سب پریشان ہیں، 2008 میں میرا ایک بھائی جو فائر فائٹر تھا ایک کمر شیل پلازا میں لگی ہوئی آگ بجھاتے ہوئے شہید ہوگیا، 2012 میں ہمارے گھر کی چھت پہ آگ لگی اور ایک بچہ شہید اور ایک زخمی ہوگیا، اب 2014 میں گھر سے کبھی زیورات پیسے غائب ہوجاتے ہیں ، ایک عامل نے ہمیں ہمارے گھر میں ہونے والے کچھ ایسے واقعات بنا پوچھے بتا دیئے اور ساتھ یہ بھی کہا کہ آپ لوگوں پہ سحر /جادو کا اثر ہے، ہمارے گھر والے اللہ کے شکر سے سب نماز ی ہیں اور عقیدہ ہے کہ علم غیب صرف اللہ کے پاس ہے، لیکن دل میں ایک وسوسہ پیدا ہوا کہ یہ سب کہیں سچ تو نہیں؟ اور عامل کو کیسے پتا چل گیا ہمارے گھر کے واقعات کے بارے میں؟ مہربانی کرکے رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 55017

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1196-1028/D=12/1435-U سحر ہوسکتا ہے اور آدمی سحر سے متأثر بھی ہوسکتا ہے اور اس کے حالات پر سحر کے اثرات بھی ہوسکتے ہیں جیسے مرض کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ یہ ہوسکنا ناممکن اور مستبعد نہیں ہے، البتہ مرض کسی میں واقعی ہے یا نہیں اس کی تشخیص ماہرین (ڈاکٹر حکیم) کرسکتے ہیں اسی طرح سحر ہونے یا نہ ہونے کی تشخیص ایسا عامل کرسکتا ہے جو اس فن سے واقف ہو، نیک اور دین دار ہو کہیں اٹکل پچو سے صرف پیسہ کمانے کا ذریعہ نہ بنایا ہو، آپ کو کسی عامل نے بتایا اس کے بارے میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔ البتہ یہ بتلائیں گے کہ سحر کا کچھ شبہ ہو تو (۱) چالیس روز تک سورہٴ بقرہ کی تلاوت گھر میں کریں اور فاتحہ آیة الکرسی اور چاروں قل اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر اور گھر کے کونوں میں دم کردیں۔ (۲) شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب قدس سرہ کا رسالہ ”منزل“ جس میں قرآنی آیات اور ادعیہ ماثورہ ہیں گھر میں پڑھا کریں ان شاء اللہ فائدہ ہوگا۔ باقی محض حوادث کو سحر کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے یہ سب تکوینی وتقدیری فیصلے ہیں ان کے راز ہائے سربستہ کو تلاش نہیں کرنے کی فکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند