• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 52636

    عنوان: استخارہ

    سوال: جس لڑکی سے میں شادی کرنا چاہتاہوں اس کو سوچ کر میں نے استخارہ کیا ۔ میں نے خواب میں ایک بار اپنے گھر والوں کو اس کے گھر پہ دیکھا اور ایک بار اس کو اپنے گھرپہ دیکھا تو میری آپ سے گذارش ہے کہ آپ مجھے کچھ بہتر سمجھا دیں اور استخارے کے بعد میرا دل بھی مطمئن ہے ، لیکن ابھی تک کچھ بات نہیں ہوئی اس کے گھر والوں سے اور اس لڑکی کا رشتہ بھی کہیں اور سے آیا ہوا ہے اور اس کے والدین کچھ صحیح جواب نہیں دے رہے ہیں، لیکن اکثر رشتے کی بات ہوتی ہے کہ کریں گے وہیں پہ اور میں نے استخارہ کے بعد ایسا خواب دیکھا ہے ۔ آپ بتائیں کہ کیا حقیقت ہے؟

    جواب نمبر: 52636

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 725-559/D=6/1435-U استخارہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی جاتی ہے کہ اے اللہ جس کام کا میں ارادہ کررہا ہوں اس میں بہتری پیدا فرمادے اور اگر آپکے علم کے مطابق یہ کام میرے لیے بہتر اور باعث خیر نہ ہو تو ہمیں دوسری کی طرف متوجہ فرمادے جس میں میرے لیے بہتری ہو۔ استخارہ کے بعد کوئی اشارہ ملنا یا خواب نظر آنا ضروری نہیں اور نظر آتا بھی ہے تو اس سے مثبت ومنفی کی تعیین کرنا آسان نہیں اور یہ کوئی یقینی چیز بھی نہیں۔ حدیث میں ایسے مواقع پر استخارہ کرنے کا حکم ہے اس لیے کرلینا چاہیے اور بہتر ہے کہ سات دن تک کرے، پھر خیر خواہ تجربہ کار سے مشورہ کرکے کام کا آغاز کردینا چاہیے، پس شادی کے معاملہ میں اگر گھر والے اس رشتہ کو مناسب سمجھ رہے ہیں اور طرفین کو پسند ہے تو بات چیت کا آغاز کردینا مناسب ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند