• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 46569

    عنوان: گھر کی بندش یا گلے میں تعویذ پہننا

    سوال: گھر کی بندش یا گلے میں تعویذ پہننا جائز ہے ؟ ایک مولانا ہیں جن کے بارے میں ماناجاتاہے کہ وہ علمائے حق میں سے ہیں، انہوں نے ہمارے گھر کی بندش کروانے کو کہا اور بندش کروانے کے بعد ہمارے گھر کی پریشانیاں بھی دور ہوئیں۔ یہ سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ حضرت جو کہ عالم ہیں اور مفتی بھی، لیکن ان کے پاس کئی ہندو بھائی بھی آتے ہیں اور ان کی قدم بوسی کرتے ہیں اور وہ انہیں ایسا کرنے سے نہیں روکتے، اس کے علاوہ میرا دل یہ ماننے کو تیار نہیں کہ وہ ان کی دیے ہوئے تعویذ کا کمال ہے کیوں کہ یہ ایک اتفاق بھی ہوسکتاہے، اس لیے مجھے کس طرح کا عقیدہ رکھنا چاہئے؟کیوں کہ مجھے جس عالم صاحب نے مشورہ دیا تھا کہ اپنی تکلیف ان مولانا کے پاس جا کر بتائیں وہ بھی علمائے حق میں سے ہیں، لیکن میری بہن اور ایک بھائی نے بھی ان کے پاس بھی اولاد ہونے کی شکایت لے کر گئے لیکن ان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ، اس بارے میں میرا عقیدہ کیا ہونا چاہئے؟

    جواب نمبر: 46569

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1002-767/D=9/1434 نفع نقصان پہنچانے والی ذات صرف اللہ کی ہے اور وہی ذات ہے جو حقیقی معنوں میں معطی اور مانع ہے، لہٰذا موٴثر حقیقی اور نافع یقینی تو اللہ تعالیٰ کی ذات کو یقین کرنا چاہیے اور اسی کا عقیدہ رکھنا چاہیے، البتہ درجہ اسباب میں جس طرح دوا کے ذریعہ مرض کا ازالہ ہوجاتا ہے اصل شفا دینے والی ذات اللہ کی ہوتی ہے اسی طرح تعویذ اور دعا میں بھی تاثیر ہوتی ہے لیکن اسے خود موٴثر بالذات نہیں سمجھنا چاہیے، اصل فائدہ پہنچانے والی ذات اور اثر پیدا کرنے والے اللہ تعالیٰ ہیں، اسی کا عقیدہ رکھنا چاہیے، اور تعویذ لٹکانے یا گھر کی بندش کرنے کے عمل کو اختیار کرنا اس شرط کے ساتھ جائز ہے کہ اس میں کوئی کفر وشرک والا عمل نہ کیا جائے، قرآنی آیات یا ادعیہ ماثورہ کے ذریعہ عمل کیا جائے۔ فائدہ پہنچانا چونکہ اللہ تعالیٰ کا کام ہے اس لیے جب ان کی مرضی ہوتی ہے فائدہ ہوجاتا ہے جہاں نہیں ہوتی وہاں فائدہ نہیں لہٰذا بھائی بہن کو فائدہ نہ ہونا ا سکے غلط ہونے کی دلیل نہیں ہے البتہ عامل نیک صالح شخص ہو دنیا کا حریص اور پیشہ ور نہ ہو، اور خلاف شرع عملیات نہ کرتا ہو اس کا اطمینان کرلینا چاہیے اور خود بھی دعاوٴں کا اہتمام رکھنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند