• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 43956

    عنوان: غلبہ شہوت كے وقت مشت زنی

    سوال: میری عمر ۱۹ سال ہے ، مسئلہ یہ ہے کہ بعض مرتبہ شہوت اتنی غالب ہو جاتی ہے کہ قابو نہیں رہتا اور سنگین گناہ میں مبتلا ہو جاتا ہوں، نیٹ میں خرافات کا دیکھنا اور مشت زنی کی نوبت پہنچ گئی ہے۔ اس عمر میں میری شادی بھی مشکل ہے، برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ میں کیا کروں، میں بیعت بھی ہوا ہوں۔ لیکن کسی کو بتاتے وقت بہت شرم آتی ہے. روزہ رکھنے کی ہمت نہیں ہے. جلد سے جلد جواب دے دیں تو بہت مہربانی ہوگی۔

    جواب نمبر: 43956

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 201-165/H=3/1434 خرافات دیکھنا اور مشت زنی کرنا بالکلیہ چھوڑدیں اور سچی پکی توبہ کرلیں دل اور نظر کی پوری حفاظت کریں، نماز باجماعت اور تلاوت کا اہتمام رکھیں، ہرنماز کے بعد سورہٴ الم نشرح تین مرتبہ اول آخر درود شریف تین تین مرتبہ پڑھ کر اپنے سینہ پر دم کرلیا کریں، یہی عمل رات کو سونے سے قبل کرتے رہیں، متبع سنت شیخ کامل سے بیعت ہیں تو ان بزرگ کے پاس آنا جانا بکثرت رکھیں، ان کی ہدایات کو حرز جان بنائے رکھیں، اپنے حالات سے ان کو مطلع کرکے ہدایات حاصل کرتے رہیں، شادی میں جو مشکلات ہیں ان کو دور کرنے کی فکر کرتے رہیں، اگر فی الحال روزے رکھنے کی ہمت محسوس نہیں ہورہی ہے تاہم اس کا علاج قوت ارادی کے علاوہ کچھ نہیں ارادہ مضبوط کرکے رکھنا شروع کردیں گے تو آہستہ آہستہ ہمت میں بھی اضافہ ان شاء اللہ ہوتا رہے گا۔ شیخ کامل سے بیعت ہوجانے کے بعد اپنے حالات بتلاکر ہدایات حاصل کرنے اور ان پر عمل کرنے میں شرمانا نہ چاہیے ورنہ یہ شرم اصلاحِ نفس میں بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند