• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 43778

    عنوان: میں اپنے احساس پر کنٹرول نہیں کرپاتاہوں

    سوال: میں پاکستان سے ہوں، میرا سوال یہ ہے کہ میں اپنے احساس پر کنٹرول نہیں کرپاتاہوں تو قرآن وحدیث کی روشنی میں کیا حکم ہے؟اور اگر ہاتھ استعمال کرلیا تو اس کا شریعت میں کیا حکم ہے؟اور اس سے کیسے بچاجائے ؟

    جواب نمبر: 43778

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 407-171/L=3/1434 مشت زنی گناہ کبیرہ اور حرام ہے، اگر کسی نے ایسا کرلیا تو اس پر صدق دل سے توبہ واستغفار لازم ہے، اس سے بچنے کی صورت یہ ہوسکتی ہے کہ اولاً ہمت کرکے کسی بھی طرح اپنے آپ کو غلط چیزوں کے دیکھنے یا ان کی طرف خیال لے جانے سے روکا جائے۔ نیز ایسے اوقات میں اپنے آپ کو نیک کاموں، تلاوت ذکر وغیرہ میں مشغول رکھا جائے، اور کبھی غلط خیالات آئیں تو اس وقت اللہ کے وعیدوں کا استحضار کیا جائے، نیز اگر شادی نہ ہوئی ہو تو شادی کرنا یا روزوں کی کثرت کرنا بھی اس میں مفید ہے۔ عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”اے جوانوں کی جماعت تم میں جو شخص خانہ داری (نان ونفقہ) کا بار اٹھانے کی قدرت رکھتا ہو اس کو نکاح کرلینا چاہیے کیونکہ نکاح کو نگاہ کے پست ہونے اور شرم گاہ کے محفوظ رہنے میں خاص دخل ہے اور جو شخص قدرت نہ رکھتا ہو اس کو روزہ اختیار کرنا چاہیے کیونکہ وہ روزہ اس کے لیے گویا رگیں مل دیتا ہے۔ (مشکاة)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند