• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 42869

    عنوان: استخارہ كا طریقہ

    سوال: مجھے استخارہ کرنا ہے اس لیے مجھے استخارہ کا طریقہ بتائیں اور نکاح کے لیے کرنا ہے۔

    جواب نمبر: 42869

    بسم الله الرحمن الرحيم

    استخارہ کا طریقہ یہ ہے کہ آپ پہلے دو رکعت نفل نماز پڑھیں، اس کے بعد خوب دل لگاکر یہ دعا پڑھیں۔ اللَّہُمَّ إنِّي أَسْتَخِیرُک بِعِلْمِک ، وَأَسْتَقْدِرُک بِقُدْرَتِک ، وَأَسْأَلُک مِنْ فَضْلِک الْعَظِیمِ ، فَإِنَّک تَقْدِرُ وَلَا أَقْدِرُ ، وَتَعْلَمُ وَلَا أَعْلَمُ وَأَنْتَ عَلَّامُ الْغُیُوبِ․ اللَّہُمَّ إنْ کُنْت تَعْلَمُ أَنَّ ”ہَذَا الْأَمْرَ“ خَیْرٌ لِي فِي دِینِي وَمَعَاشِي وَعَاقِبَةِ أَمْرِي فَاقْدِرْہُ وَیَسِّرْہُ لِي ثُمَّ بَارِکْ لِي فِیہِ ، وَإِنْ کُنْت تَعْلَمُ أَنَّ ”ہَذَا الْأَمْرَ“ شَرٌّ لِي فِي دِینِي وَمَعَاشِي وَعَاقِبَةِ أَمْرِي فَاصْرِفْہُ عَنِّي وَاصْرِفْنِي عَنْہُ ، وَاقْدِرْ لِي الْخَیْرَ حَیْثُ کَانَ ثُمَّ رَضِّنِي بِہِ․ اور جب ”ہذا الأمر“ پر پہنچیں جس لفظ پر لکیر بنی ہوئی ہے تو اس کے پڑھتے وقت اسی کام کا دھیان وخیال کرلیں، جس کے لیے استخارہ کرنا چاہتے ہیں، اس کے بعد پاک وصاف بچھونے پر قبلہ کی طرف منھ کرکے باوضو سوجائیں، جب سوکر اٹھیں اس وقت جو بات دل میں مضبوطی سے آوے وہی بہتر ہے،اسی کو کرنا چاہیے۔ اگر ایک دن میں کچھ معلوم نہ ہو اور دل کا خلجان اور تردّد نہ جاوے تو دوسرے دن پھر ایسا ہی کریں، اسی طرح سات دن تک کریں، ان شاء اللہ تعالیٰ ضرور اس کام کی اچھائی برائی معلوم ہوجاوے گی۔ (بہشتی زیور: ۲/۳۴، بتغییر یسیر،: کتب خانہ اختری) اللہ تعالیٰ آپ کے جائز مقاصد میں کامیابی عطا فرمائے اور دین ودنیا دونوں میں بھلائی سے ہم کنار فرمائے۔ (آمین)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند