• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 41959

    عنوان: رات کوسوتے ہوے بے قابو ہوجانا

    سوال: میرا تعلّق پاکستان سے ہے اور میں پڑھائی کے سلسلے میں دو سال پہلے جرمنی آیا تھا ، مگر کچھ عرصے سے عجیب مسئلہ کا سامنا ہے . ہوتا کچھ یوں ہے کہ رات کو سوتے ہو ئے کبھی کبھی مشت زنی سرزد ہوجاتی ہے اور جب ایسا ہوتا ہے تو میرا دماغ کام نہیں کر رہا ہوتا اور میرا اپنے آپ پر قابو بھی نہیں ہوتا اور اس وقت مجھ پر نیند کا غلبہ ہوتا ہے ، اس سلسلے میں کافی پریشان ہوجاتا ہوں اور اللہ سے کافی دعا بھی کرتا ہوں . میں اللہ کے کرم سے پانچوں وقت کا نمازی ہوں اور استغفار کی بھی کثرت کرتا ہوں . مگر یہاں جرمنی میں ماحول کافی برا ہے اور یہاں آنے سے پہلے ایسا کبھی بھی نہیں ہوتا تھا . میرے ایک اور دوست جو خود بھی یہاں پڑھائی کے سلسلے میں آیا ہوا ہے اس نے بھی ایسی ہی شکایت کی ہے۔ براہ مہربانی کوئی دعا یا عمل نصیحت کرد یں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 41959

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1894-1464/B=11/1433 مَنی انسان کے جسم کا سب سے قیمتی جوہر ہے جو اس کی حفاظت کرے گا وہ تندرست اور طاقت ور رہے گا اور جو کوئی اسے برباد کرے گا تو اس کے دل، دماغ، بینائی، سماعت، گردے سب کمزور ہوجائیں گے اور وہ ہلاکت کے قریب پہنچ جائے گا، پھر اس کا یہ حال ہوجائے گا کہ اپنی موت کی زندگی پر تر جیح دے گا۔ آپ کے لیے سب سے بڑی نصیحت یہ ہے کہ اس کام کو پورے عزم اور پختگی کے ساتھ چھوڑدیں، کوئی مشکل نہیں برسہا برس کا شرابی شراب کو یک لخت چھوڑدیتا ہے، اور ایسی سچی پکی توبہ کرلیتا ہے کہ پھر اس کے قریب نہیں جاتا، اسی طرح آپ بھی قطعی اس خبیث عادت کو چھوڑدیں، کتنا بھی شہوت کا ابھار ہو، ہرگز ہرگز ہاتھ نہ لگائیں، اس کے بعد ان شاء اللہ آپ کی ساری شکایات دور ہوجائیں گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند