• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 37134

    عنوان: خوراک میں برکت ، اضافہ کی دعا

    سوال: خوراک میں ااضافہ اور برکت کی دعا جو حضور نبی کریم نے بتائی ہے وہ بتا دیجیے۔ اور طریقہ بھی وغیرہ

    جواب نمبر: 37134

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 421=229-3/1433 میز کرسی وغیرہ جیسی چیز پر بیٹھ کر کھانے سے حتی المقدرت اجتناب رکھیں، اپنے کھانے بالخصوص عمدہ قسم کے کھانوں میں غرباء اعزہ اور پڑوسیوں کا حصہ ضرور لگالیا کریں، دسترخوان بچھا کرافرادِ خانہ مل جل کر کھایا کریں، عجز وانکسار کی ہیئت پر بیٹھ کر کھانے کا اہتمام کریں، کھانے پینے کی چیزوں کی بے احترامی و بے قدری ہرگز نہ ہونے دیں، دسترخوان بلکہ زمین پر کوئی چیز کھانے کی گرجائے تو اٹھاکر صاف کرکے کھالیا کریں، کھانے سے قبل بسم اللہ وعلی برکة اللہ اور فارغ ہوکر الحمد للہ الذي أطعمنا وسقانا وجعلنا من المسلمین پڑھا کریں، پکی اور غیر پکی کھانے کی چیزوں کو گندی جگہ یا راستہ وغیرہ میں نہ گرنے دیا کریں۔ کھانے پینے میں یہ نیت رکھا کریں کہ اس کے ذریعہ جو قوت اللہ پاک عطا فرمائے گا اس کو اعمالِ صالحہ کے اختیار کرنے اور گناہوں سے بچنے بچانے میں صرف کروں گا، حلال کمانے اور حلال کھانے کھلانے میں اور حرام سے بچنے میں پوری کوشش کروں گا، ان امور کا لحاظ رکھیں گے تو ان شاء اللہ کھانے میں برکت ہوگی، خوراک میں اضافہ تو کچھ اہم امور میں سے نہیں ہے بلکہ اضافہ ہوگیا ہو تو اس میں کمی کرنا ہی مطلوب ہے، فضائل صدقات میں اس مضمون کو شرح وبسط سے لکھا گیا ہے، اگر کوئی عذر طبعی وغیرہ اضافہ کا متقاضی ہو تو خیر الگ بات ہے، اگر ایسا ہو تو اس کے لیے کسی ماہر معالج کی طرف مراجعت کریں، اضافہ کی حد کو خود طے کرکے عمل نہ کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند