• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 36154

    عنوان: درود اور سلام کے مسائل

    سوال: ۱. حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود اور سلام کے درمیان فرق کیا ہے ؟ ۲. معارف القرآن میں سورہ احزاب کی آیات ۳۳.۵۶ کی شرح میں لکھا ہے کہ..امام نووی کے مطابق صرف درود یا صرف سلام پڑھنا مکروہ ہے۔ براہ کرم، اس بارے میں تفصیل سے سمجھائیں ؟ ۳. مجھے سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ درود ابراہیم سب سے افضل درود ہے مگر اس میں سلام کا کوئی لفظ نہیں ہے ؟ ۴. کیا میں صرف درود یا صرف سلام پڑھ سکتا ہوں یا دونو ں پڑھنا ضروری ہے ؟ ۵. کیا میں صرف صرف درود ابراہیم پڑھ سکتا ہوں؟ جیسے ۱۰،۲۰،۳۰ مرتبہ ؟ ۶. درود اور سلام پڑھنے کا بہترین طریقہ کیا ہے ؟

    جواب نمبر: 36154

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل): 341=202-3/1433 (۱) آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام میں فرق یہ ہے کہ درود میں لفظ صلاة اور سلام میں لفظ سلام مذکور ہوتا ہے، نیز عام موٴمنین کی طرف صلاة کا مفہوم دعاء اور مدح وثناء کا مجموعہ ہے اور سلام میں سلامتی کی دعا ہے۔ (۲) وہ امام نووی کی اپنی رائے ہے، حنفیہ کے نزدیک صرف صلاة یا صرف سلام دونوں بلاکراہت جائز ہیں، ونقل الحموی عن أصحابنا عن منیة المفتي: إنہ لا یکرہ عندنا إفراد أحدہما عن الآخر (أحکام القرآن: ۳/۴۹۸) (۳) صحیح بخاری ومسلم وغیرہ سب کتب حدیث میں یہ حدیث آئی ہے، کہ حضرت کعب بن عجرہ نے فرمایا کہ جب یہ آیت ”یَا اَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْہِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا“ نازل ہوئی تو ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ آیت میں ہمیں دو چیزوں کا حکم دیا گیا ہے، صلاة اور سلام کا، سلام کاطریقہ تو ہمیں معلوم ہوچکا ہے، صلاة کا طریقہ بھی بتلادیجیے، آپ نے فرمایا کہ یہ الفاظ کہا کرو ”اللہم صل علی محمد وعلی آل محمد کما صلیت علی إبراہیم وعلی آل إبراہیم إنک حمید مجید اللہم بارک علی محمد وعلی آل محمد کما بارکت علی إبراہیم وعلی آل إبراہیم إنک حمید مجید“ صلاة پڑھنا مستقل امر ہے اور سلام پڑھنے کا بھی مستقل حکم ہے اور دونوں کے خاص خاص صیغے ہیں، درود میں سب سے افضل درود درودِ ابراہیمی ہے، اس میں سلام کا لفظ نہ ہونا اس کے افضلیت کے منافی نہیں۔ (۴) اچھا تو یہی ہے کہ آپ دونوں پڑھ لیا کریں تاکہ دونوں کی فضیلت آپ کو حاصل ہوجائے دونوں کا پڑھنا ضروری نہیں ایک پر بھی اکتفا کرسکتے ہیں۔ (۵) جی ہاں پڑھ سکتے ہیں۔ (۶) درود کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ پاک وصاف باوضو ہوکر درود پڑھیں تفصیل کے لیے بہتر یہ ہے کہ آپ فضائل درود کا مطالعہ کرلیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند