متفرقات >> دعاء و استغفار
سوال نمبر: 20221
حضرت ہمارے گھر کے حالات اس وقت ٹھیک نہیں ۔ ہم پانچ بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ بڑے بھائی کی شادی پانچ سال پہلے ہوئی، ایسے گھرانے میں جہاں پر عملیات کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا، یہ ہمیں پہلے معلوم نہیں تھا۔ شادی کے بعد جب ان کے گھروالے پہلی بار آکر گئے تو ان کے جانے کے بعد پلنگ کے ایک کونے میں لیمو رکھے نظر آئے۔ پھر ایک مہینہ بعد میرے دوسرے بھائی جو سعودی میں رہتے ہیں ان کے ساتھ بہت بڑا حادثہ ہوا۔ میری بہن کو رشتے آتے تھے ، لیکن کہیں رشتہ جما نہیں ۔۔۔۔؟
حضرت ہمارے گھر کے حالات اس وقت ٹھیک نہیں ۔ ہم پانچ بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ بڑے بھائی کی شادی پانچ سال پہلے ہوئی، ایسے گھرانے میں جہاں پر عملیات کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا، یہ ہمیں پہلے معلوم نہیں تھا۔ شادی کے بعد جب ان کے گھروالے پہلی بار آکر گئے تو ان کے جانے کے بعد پلنگ کے ایک کونے میں لیمو رکھے نظر آئے۔ پھر ایک مہینہ بعد میرے دوسرے بھائی جو سعودی میں رہتے ہیں ان کے ساتھ بہت بڑا حادثہ ہوا۔ میری بہن کو رشتے آتے تھے ، لیکن کہیں رشتہ جما نہیں ۔میرے ابو اور تمام بھائی تبلیغ سے وابستہ ہیں، دو بھائی دہلی میں بھی وقت لگا چکے ہیں۔ میری بہن کے لیے اچھے سے اچھے رشتے آتے ہیں لیکن کہیں بھی طے نہیں ہوا۔ میرے بھیا سعودی گئے آج سات سال ہوگئے ہیں پھر بھی آباد نہیں ہوئے۔ میرے اور ایک بھائی دبئی گئے بہت کم تنخواہ پر دو سال کام کیا اب پھر خالی ہیں۔ شک کی وجہ سے ہم نے عامل کو اپنے احوال بتائے تو انھوں نے کہا واقعی یہ عملیات کے اثر سے ہورہا ہے۔ کیا یہ سچ ہے، یہ عملیات کا اثر ہے؟ اگر ہاں، تو ہمارے پڑھنے کے لیے کچھ دعا بتائیں اور آپ بھی دعا کیجئے کہ اللہ جلد سے جلد ہم تینوں بہنوں کا نکاح جنتی لڑکوں سے فرمادے۔ آمین۔ میرے ابو ہم تمام کو تجوید اور قرأت خود سکھائے گھر میں میرے بڑے بھائی حافظ ہیں، ان کو حفظ ابو نے گھر میں خود کروایا، میرے بھائی کسی مدرسہ نہیں گئے بہت ہی قابل او رجید حافظ ہیں۔ ابو زبردستی اپنی ذمہ داری سمجھ کر ہر سال ایک دور ضرور سنتے ہیں لیکن جب سے شادی ہوئی ہے قرآن پڑھنے سے بے زار ہوگئے ہیں۔ خدا را بتائیے ہم کیا کریں او رہمارے لیے خاص دعا کیا کریں۔ اللہ تعالی آپ تمام کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین اور ہمارے لیے بھلائی کے فیصلے فرمادے، آمین
جواب نمبر: 20221
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی(ب): 333=74tb-3/1431
جادو، ٹونہ، منتر، سفلی عمل ور تعویذ گنڈے کا اثر ہوتا ہے اور ضرور ہوتا ہے مگر ان کی تاثیر بھی باذن اللہ ہوتی ہے، ممکن ہے کہ آپ کے عامل کی بات نفس الامر کے مطابق ہو اور یہ عملیات کا اثر ہو۔ آپ کسی متبع سنت بزرگ یا دین دار بڑے عامل سے رجوع کریں، ذیل میں دو دعائیں درج کی جاتی ہیں (۱) حکیم الامت حضرت تھانوی نے تحریر فرمایا ہے کہ تمام مشکلات کے حل کے لیے اسم ?یا لطیفُ? بعد نماز عشاء گیارہ سو گیارہ مرتبہ پڑھے اول و آخر گیارہ گیارہ بار درود شریف پڑھے اور پھر دعا کرے۔ (۲) شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب رحمہ اللہ کی کتاب ?منزل? پڑھ کر پانی پر دم کرلیں اور گھر کے چاروں کونوں پر بعد مغرب پانی چھڑک دیں اور سب گھر والے صبح شام اس پانی کو پئیں اور سو سو مرتبہ درود شریف اول و آخر میں پڑھیں اور پانج سو مرتبہ لاحول ولا قوة الا باللہ العلی العظیم پڑھیں اور سب مل کر دعا کریں ان شاء اللہ پریشانی دور ہوجائے گی، اور ہم بھی دست بدعا ہیں اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل وکرم سے آپ کی پریشانیوں کو دور فرمائے اور جائز مقاصد میں کامیابی نصیب فرمائے، آمین۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند