• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 173500

    عنوان: اللہ كی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے

    سوال: میں نے اپنی زندگی میں بہت سے گناہ کیے، کبھی نماز نہیں پڑھی ، پردہ نہیں کیا، اپنے ماں باپ کا بہت دل دکھایا ، میرے والد میرے دکھ میں اس دنیا سے چلے گئے، لیکن اب میں نماز بھی پڑھتی ہوں اور پردہ بھی کرتی ہوں ، لیکن پھر بھی مجھے دوسری بار طلاق ہوئی وہ بھی میرے شوہر نے غصے میں آکر دی ہے، کیا یہ سب اس وجہ سے ہورہا ہے کہ اللہ مجھ سے ناراض ہے یا میں نے اپنے باپ کی بدعا لی ہے اس وجہ سے؟ یا مجھے میرے گناہوں کی سزا مل رہی ہے ؟میں نے اللہ سے بہت معافی مانگی ، لیکن وہ معاف نہیں کرتا، اللہ کیسے معاف کرے گا مجھے؟

    جواب نمبر: 173500

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:117-97/sd=3/1441

    اگر آپ نے ندامت وشرمندگی کے ساتھ اپنے گناہوں سے معافی مانگ لی ہے، تو قوی امید ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی توبہ قبول کرلی ہوگی، مایوس نہیں ہونا چاہیے، اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے، والدین کو اگر آپ سے تکلیف پہنچی تھی، تو اب آپ والدین کے لیے ایصال ثواب کیا کریں، اُن کے لیے دعائیں کیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند