• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 162485

    عنوان: گھر کی خوشحالی اور محبت کے لئے دعا

    سوال: حضرت، مجھے کوئی ایسی دعا بتادیں کہ جس کا وِرد میں ہر وقت صبح وشام رکھوں، جس سے گھر میں خوشحالی رہے، محبت رہے۔ بات دراصل یہ ہے کہ میرے والد صاحب ذرا غصے کے تیز ہیں انہیں کبھی بھی اچانک کسی بھی بات پر چھوٹی سے چھوٹی بات پر بھی غصہ آجاتا ہے، نہیں آتا تو بڑی سے بڑی بات پر نہیں آتا، آتا ہے تو چھوٹی سے چھوٹی بات پر آجاتا ہے۔ اب ان کے غصے یا ناراضگی کی وجہ سے گھر کا ماحول صحیح نہیں رہتا۔ (گھر کے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شادی کے دن ان کو تعویذ وغیرہ پلایا گیا تھا خاندان کے ہی کچھ لوگوں نے حسد میں، تاکہ ہمارا گھر کبھی خوشحال نہ رہ سکے، اللہ بہتر جانتا ہے کہ یہ صحیح ہے یا غلط)۔ لیکن مہینہ میں ایک سے دو بار والد صاحب کا موڈ کسی نہ کسی بات بر خراب ہو جاتا ہے جس سے گھر کا ماحوال خراب ہو جاتا ہے۔ براہ کرم، مجھے کوئی ایسی دعا بتلادیں جسے میں پڑھتا رہوں اور اس سے گھر میں خوشحالی رہے، محبت رہے، اور ماحول صحیح رہے۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 162485

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1492-201T/sd=1/1440

     گھر کی خوشحالی کے لیے اہل خانہ کا دین کے احکام پر عمل کرنا ضروری ہے ، ایک دوسرے کے حقوق اداء کرنا ، بڑوں کے مقام و مرتبے کو پہنچاننا، اُن کا ادب و احترام کرنا ، چھوٹوں کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرنا ، اگر کسی کوتاہی پر والد صاحب کی طرف سے تنبیہ اور غصہ کا اظہار ہو، تو غلطی کا اعتراف کرکے اصلاح کی فکر کرنا، اگر بغیر کسی معقول وجہ کے غصہ کا اظہار ہو، تب بھی صبر و تحمل سے کام لینا اور ادب و احترام میں کمی نہ کرنا، دل کو صاف رکھنا ؛ یہ سب باتیں ہیں، جن سے گھر کا ماحول خوشگوار رہتا ہے ، باقی آپ صبح و شام کی مسنون دعاوٴں کے پڑھنے کا اہتمام کریں ،گھر میں کسی وقت فضائل اعمال، حیاة المسلمین وغیرہ کسی اصلاحی کتاب کی تعلیم کرلیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند