• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 158479

    عنوان: نماز کے بعد کی منقول دعائیں واذکار

    سوال: میں جموں و کشمیر کا رہنے والا ہوں، میں نے کئی جگہوں پہ دیکھا کہ لوگ فرض نماز ادا کرنے کے بعد مختلف درود و اذکار پڑھتے ہیں، اب آپ سے گزارش ہے کہ آپ تفصیل کے ساتھ بتائیں کہ قرآن و حدیث کے مطابق کون سے درود و اذکار پڑھنے چاہیے ؟

    جواب نمبر: 158479

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 535-500/M=5/1439

    فرض نماز کے بعد مختلف اذکار وادعیہ منقول ہیں، ایک روایت میں یہ دعا وارد ہے: اللّہم أعنّي علی ذکرک وشُکرِک وحُسنِ عبادَتک (أبوداوٴد: باب الاستغفار) بخاری شریف کی روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہرفرض نماز کے بعد یہ پڑھا کرتے تھے: لا إلہ إلا اللہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد وہو علی کل شيء قدیر، اللہم لا مانع لما أعطیتَ ولا مُعْطي لما منعتَ ولا ینفع ذا الجد منک الجد۔ (بخاری شریف) ایک دوسری روایت میں مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز سے فارغ ہوتے تو یہ پڑھتے تھے:

    اللہُمَّ اغْفِرْ لِی مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ، وَمَا أَسْرَرْتُ وَمَا أَعْلَنْتُ، وَأسْرَفْتُ، وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِہِ مِنِّی، أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُؤَخِّرُ، لَا إِلَہَ إِلَّا أَنْتَ․ (سنن بیہقی) جن فرائض کے بعد سنن ونوافل نہیں ان میں متصلاً ان کو پڑھنا بہتر ہے اور جن فرائض کے بعد سنن ونوافل ہیں ان میں فرض کے بعد مختصر دعا کرکے سنن ونوافل میں لگ جانا افضل ہے اور اوراد ووظائف کو نوافل سے فارغ ہوکر پڑھنا بہتر ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند