• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 147594

    عنوان: لڑکے کی سرکشی اور بری عادتوں کے سدھار کے لیے دعا؟

    سوال: (۱) میرے لڑکے کی سرکشی اور اس کی بری عادتوں سے میں بہت فکرمند ہوں، آپ سے گذارش ہے کہ اس کے لیے دعا کیجئے اور کوئی روحانی عمل بتائیے، آپ کو اللہ جزائے خیر دے۔ آمین (۲) میرا لڑکا کالج میں پڑھتا ہے اور وہ ایک غیر مسلم لڑکی سے دوستی کیا ہے اور کہتا ہے میں اسے مسلمان بناوٴں گا، آپ سے ادباً گذارش ہے کہ کوئی عمل یا وظیفہ بتائیں جس سے وہ اس لڑکی کا چکر ختم ہو جائے۔ اللہ آپ کو اس کا اجر دے۔ آمین

    جواب نمبر: 147594

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 557-506/sn=5/1438

    آپ کثرت سے درج ذیل آیت کریمہ کا ورد کریں: رَبَّنَا ہَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّیَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْیُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِینَ إِمَامًا ، اور لڑکے کے لیے یہ آیت پڑھ کر خوب دعائیں کیا کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ گھر کا ماحول دینی بنائیں، شرعی پردہ اسی طرح پنجوقتہ نمازوں کا گھر کا ہرفرد اہتمام کرے، نیز بددینی کی چیزیں مثلاً ٹی وی وغیرہ اگر ہوں تو گھر سے نکال دیں، روزانہ کوئی ایک وقت متعین کرلیں جس میں دینی کتاب (مثلاً حیاة المسلمین (موٴلفہ حضرت تھانوی رحمہ اللہ) بہشتی زیور، یا معارف الحدیث اور سیرة المصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پڑھی جائے، اس مجلس میں گھر کے تمام ممبران شریک ہوں، اپنے بیٹے کو بھی ترتیب دے کر اس میں ضرور شریک کیا کریں۔ ان شاء اللہ بیٹا راہِ راست پر آجائے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اس بیٹے کو اور جملہ اولاد کو والدین کے مطیع وفرماں بردار بنائے اور راہِ راست کی ہدایت دے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند