• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 145909

    عنوان: وضو کے بعد آسمان کی جانب کلمہ والی انگلی کرکے دوسرا کلمہ پڑھنا کیسا ہے

    سوال: دعاوٴں سے متعلق سوالات۔ (۱) وضو کے بعد آسمان کی جانب کلمہ والی انگلی کرکے کیا پڑھنا چاہئے، کیا یہ پڑھنا صحیح ہے؟ (۲) وضو کے بعد آسمان کی جانب کلمہ والی انگلی کرکے دوسرا کلمہ پڑھنا کیسا ہے، کیا وہ صحیح ہے؟ (۳) اشراق کا وقت فجر کی نماز کے بعد سے کتنے ٹائم بعد ہوتا ہے؟ (۴) اشراق کی نماز اور تہجد کی نماز کیسے پڑھنی چاہئے؟ (۵) فجر کی نماز کے بعد سے لے کر اشراق کی نماز کے وقت تک قرآن پڑھ سکتے ہیں؟

    جواب نمبر: 145909

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 172-1489/L=1/1439

    (۱)(۲) وضو کے بعدیہ دعاء ”أشْہَدُ أنْ لاَّ إِلٰہَ إلا اللّٰہُ، وحْدَہ لا شریک لہ، وأشہد أن محمدًا عبدہ ورسولہ“ ”اللّٰہم اجعلني من التوابین واجعلني من المتطہرین“ پڑھنی چاہیے،اس دعا کے پڑھنے کی بڑی فضیلت ہے حدیث شریف میں ہے کہ ایسے شخص کے لیے بہشت کے آٹھوں دروازے کھول دیئے جائیں گے، وہ جنت میں جس دروازے سے چاہے داخل ہوجائے۔ دعا پڑھتے وقت نگاہ کو آسمان کی طرف کرنے کی صراحت ملتی ہے ؛البتہ انگلی اٹھانے کی صراحت کتبِ حدیث میں نہیں ملتی ،بعض کتب فقہ میں اس کی صراحت ملتی ہے؛اس لیے گنجائش ہے ؛لیکن اس کو ضروری نہ سمجھاجائے۔ قال في الرد تحت قولہ وأن یقول بعدہ وزاد في المنیة أیضًا وأن یقول بعد فراغہ سبحانک اللہم وبحمدک أشہد أن لا إلٰہ إلا أنت أستغفرک وأتوب إلیک وأشہد أن محمدًا عبدک ورسولک ناظرًا إلی السماء“ (شامي:۱/۲۵۳) ”قولہ والإتیان بالشہادتین بعدہ (نورالإیضاح) ذکر الغزنوي: أنہ یشیر بسبابتہ حین النظر إلی السماء“ (طحطاوی علی مراقی الفلاح: ۷۷)۔

    (۳) اشراق کی نماز طلوعِ آفتاب کے بیس منٹ بعد پڑھنی چاہیے۔

    (۴)اشراق اور تہجد کی نماز پڑھنے کا وہی طریقہ ہے جودیگر نوافل کے پڑھنے کا ہے،آپ اشراق یا تہجد کی نیت کرلیں اور اشراق میں دو یا چار رکعت اور تہجد میں دو سے آٹھ رکعت یا حسب سہولت اس سے زائد ادا کرلیں۔

    (۵)پڑھ سکتے ہیں؛البتہ علماء نے صراحت کی ہے کہ ان اوقات میں درود دعاء تسبیح وغیرہ میں مشغول رہنا بہترہے۔ وفیہ عن البغیة:الصلاة فیہا علی النبی ﷺ أفضل من قراء ة القرآن وکأنہ لأنہا من أرکان الصلاة،فالأولی ٰ ترک ماکان رکنالہا(درمختار) وفی ردالمحتار: وکالصلاة الدعاء والتسبیح کما ہو فی البحر عن البغیة․(شامی:۲/۳۵ط:زکریا دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند