• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 145843

    عنوان: ٹینشن سے نجات كا وظیفہ؟

    سوال: میں مسلمان ہوں، الحمد للہ، میری عمر ۱۸ سال ہے، میں پانچوں وقت کی نماز پڑھتاہوں، کچھ واقعات کے بعد سے میں اپنی زندگی میں واپس نہیں ہوسکتا، میرا ماضی میرے ذہن کو اذیت کو دیتاہے۔ براہ کرم، اس صورت حال سے نکلنے کے لیے کوئی وظیفہ اور قرآنی علاج بتائیں۔ شکریہ

    جواب نمبر: 145843

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 073-054/N=2/1438

     

    قرآن کریم میں ارشاد خداوندی ہے:” من عمل صالحاً من ذکر أو أنثی وھو موٴمن فلنحیینہ حیوة طیبة “ ، یعنی: جو مرد یا عورت ایمان کی شرط کے ساتھ اعمال صالحہ کرے گا ، ہم اسے ضرور بالضرور پاکیزہ اور صاف ستھری زندگی ( جس میں کسی طرح کا کوئی ٹینشن یا الجھن وغیرہ نہ ہو)عنایت فرمائیں گے (سورہ نحل ، آیت:۹۷) اورحدیث پاک میں کثرت استغفار پر ہر الجھن ، غم وفکر اور ٹینشن سے نجات کا وعدہ کیا گیا ہے۔ عن ابن عباس قال:قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم:”من لزم الاستغفار جعل اللہ لہ من کل ضیق مخرجاً ومن کل ھم فرجاً ورزقہ من حیث لا یحتسب“،رواہ أحمد وأبو داود وابن ماجة(مشکوة شریف ، ص:۲۰۴، مطبوعہ: مکتبہ اشرفیہ دیوبند) ؛ اس لیے آپ چھوٹے بڑے تمام گناہوں سے بچنے کی کوشش کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اعمال صالحہ کا اہتمام کریں اور استغفار کی کثرت کریں، روزانہ کم از کم تین تسبیح استغفار کی ضرور پڑھیں اور زیادہ سے زیادہ جتنا ہوجائے ، ان شاء اللہ آپ کی ساری پریشانیاں ختم ہوجائیں گی اور آپ اپنی زندگی میں چین وسکون محسوس کریں گے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند