• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 10218

    عنوان:

    ہمارے گھر میں زمانے سے ایک پیتل کا پیالہ پڑا ہے، جس کے اندر عربی میں آیت الکرسی لکھی ہوئی ہے، کیا شریعت اور سنت میں اس کی کوئی حقیقت ہے، کیا بیماروں کو اس میں پانی یا دوا پلا سکتے ہیں، طب نبوی میں اس کا کوئی خاص دخل ہے؟ نہیں تو پھر اس آیات کو ناکاری سے بچانے کے لیے اس کو کیا کیا جائے؟ گھر میں قرآنی آیات، نقش سلیمانی لکھ کر لٹکانا کیسا ہے، جن اور شیاطین حاوی ہوجائیں اور با عمل عامل اگر نہ ملے تو کیا درگاہ یا مندر کے پجاری سے ان کو بھگایا جائے تو کیسا ہے؟ اور گھر میں بچے اور بڑوں پر جن حاوی ہو جائے تو اس وقت ایک دین دار آدمی کو کیا عمل کرنا چاہیے اوران چیزوں سے بچانے کے لیے روزانہ کیاعمل کرنا چاہیے اور میری بیوی کوروزانہ موت کے ، سانپ کے، مرُدوں کے، خون کے شیطان، کے خواب پڑتے ہیں اس کی کیا تعبیر ہوسکتی ہے؟ برائے مہربانی فتوی عطا فرمائیں۔

    سوال:

    جواب نمبر: 10218

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 359=83/ھ

    (۱) اس کو صاف سفید عمدہ پولوتھین میں رکھ کر گھر میں محفوظ جگہ برکت کی نیت سے رکھ دیں اس میں بیماروں کو دوا یا پانی ڈال کر پلانے کا معمول نہ بنائیں۔

    (۲) طب نبوی میں خاص دخل کچھ ملتا نہیں، اب بھی کچھ صراحت کہیں نہ مل سکی۔

    (۳) ادب واحترام ملحوظ رکھا جائے، تو مضائقہ نہیں، نقش سلیمانی کے عنوان سے بعض رسائل میں کچھ اغلاط بھی شامل کردی گئی ہیں، اس لیے اس کو نہ لٹکانا بہتر ہے۔

    (۴) جائز نہیں، وہ جو کچھ منتر وغیرہ پڑھے گا اس پر شرکیہ نہ ہونے کا اطمینان مشکل ہے۔

    (۵) روزانہ گھر میں پوری سورة البقرہ کے پڑھنے کا اہتمام کریں، اس کے علاوہ گھر میں تمام افراد تلاوت کیا کریں اورہرنماز کے بعد سورہٴ قریش تین مرتبہ اور اول وآخر درود شریف تین تین دفعہ پڑھ کر دعاء کیا کریں، باوضو سنت کے مطابق سونا اور سونے سے پہلے آیت الکرسی اور چاروں قل پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرکے جسم پر ہاتھ پھیرلینا مجرب عمل ہے۔

    (۶) اضغاث احلام کے قبیل سے ہیں یعنی یہ خواب رحمانی نہیں بلکہ القائے شیطانی میں سے ہیں، جو عمل نمبر (۵) کے تحت اوپر لکھا گیا وہ بیوی کو بھی بتلادیں۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند