• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 9537

    عنوان:

    مجھے نماز سے پہلے نیت کے بارے میں بتائیں۔ کچھ اہل حدیث امام کہتے ہیں کہ یہ بدعت ہے۔ میں کولہا پور انڈیا کا رہنے والا ہوں اور دعوت کے کام سے جڑا ہوا ہوں، اس لیے میں شبہ میں پڑ گیا ہوں۔ دوسرے یہ کہ وہ لوگ امام پر یقین نہیں رکھتے ہیں جب کہ میں حنفی امام کا ماننے والا ہوں،اس لیے میں شبہ میں پڑ گیاہوں۔ برائے کرم میری رہنمائی فرماویں۔

    سوال:

    مجھے نماز سے پہلے نیت کے بارے میں بتائیں۔ کچھ اہل حدیث امام کہتے ہیں کہ یہ بدعت ہے۔ میں کولہا پور انڈیا کا رہنے والا ہوں اور دعوت کے کام سے جڑا ہوا ہوں، اس لیے میں شبہ میں پڑ گیا ہوں۔ دوسرے یہ کہ وہ لوگ امام پر یقین نہیں رکھتے ہیں جب کہ میں حنفی امام کا ماننے والا ہوں،اس لیے میں شبہ میں پڑ گیاہوں۔ برائے کرم میری رہنمائی فرماویں۔

    جواب نمبر: 9537

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1506=247/ ل

     

    آپ اگر عالم نہیں ہیں تو آپ کو چاہیے کہ ان سے تعرض نہ کریں، ورنہ دن بدن آپ کے شکوک وشبہات میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ نیت دل کے ارادے کو کہتے ہیں، اگر آدمی نماز شروع کرنے ٍے پہلے دل سے پختہ ارادہ کرلے کہ میں فلاں نماز ادا کرنے جارہا ہوں تو یہ کافی ہے، زبانی نیت ہمارے یہاں بھی ضروری نہیں ہے البتہ بدعت ممنوعہ بھی نہیں ہے۔ لوگوں کے قلوب پر عامة افکار کا ہجوم رہتا ہے اور پوری یکسوئی کے ساتھ قلب کو حاضر نہیں کرپاتے، اس لیے فقہائے کرام نے ایسے شخص (جس کو احضار قلب پر قدرت نہ ہو) کے لیے یہ حکم بتاتے ہیں کہ وہ زبان سے نیت کرلے یہی اس کے لیے کافی فتاویٰ شامی، الاشباہ والنظائر اور دیگر کتب فقہ میں اس کی صراحت موجود ہے۔ جہاں تک تقلید شخصی کا مسئلہ ہے تو چوتھی صدی ہجری کے بعد امت کے معتبر ترین علمائے کرام کا اس پر اجماع ہوگیا ہے کہ کسی ایک امام کی تقلید واجب ہے، بالخصوص اس زمانے میں جب کہ شریعت پر عمل کرنے کے لیے ہمتیں پست ہیں، نفس میں خواہشات کا دخل ہے اور خودرائی کا غلبہ ہے، مسند الہند امام اکبر حضرت شاہ ولی اللہ صاحب محدث دہلوی نے اپنی معرکة الآراء کتاب حجة اللہ البالغہ اور دوسری کتاب عقد الجید میں اس سلسلے میں بہت اہم باتیں ذکر فرمائی ہیں، وہاں ملاحظہ فرمالیا جائے، اور اس موضوع پر اگر اردو میں دیکھنا ہو تو مطالعہٴ غیر مقلدیت مولانا محمد امین صفدر صاحب، فتاویٰ رحیمیہ، الکلام المفید فی اثبات التقلید، تقلید کی شرعی حیثیت ، مطالعہ کرسکتے ہیں، واضح رہے کہ تمام عرب غیرمقلد نہیں ہیں، بلکہ ان میں بھی اکثر مقلد ہیں اورامام احمد بن حنبل کی تقلید کرتے ہیں۔ کچھ مساجد کے ائمہ وغیرہ جو لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں ان کے چکر میں پھنسنے کی ضرورت نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند