عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ
سوال نمبر: 5974
میری پیدائش ایک حنفی دیوبندی گھرانے میں ہوئی تھی۔ جب میں جوان ہوا تو اپنے ایک دوست کی تبلیغ سے میں جماعت المسلمین میں شامل ہوگیا۔ میں اصل حقیقت جاننا چاہتا ہوں کہ کون صحیح ہے اور کون غلط؟ اس جماعت کے بارے میں میری رہنمائی فرماویں اور یہ بھی بتائیں کہ حقیقت کو کیسے حاصل کریں۔
میری پیدائش ایک حنفی دیوبندی گھرانے میں ہوئی تھی۔ جب میں جوان ہوا تو اپنے ایک دوست کی تبلیغ سے میں جماعت المسلمین میں شامل ہوگیا۔ میں اصل حقیقت جاننا چاہتا ہوں کہ کون صحیح ہے اور کون غلط؟ اس جماعت کے بارے میں میری رہنمائی فرماویں اور یہ بھی بتائیں کہ حقیقت کو کیسے حاصل کریں۔
جواب نمبر: 5974
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی: 770=719/ ل
حیدرآباد سے شائع ہونے والا رسالہ اشرف العلوم (جنوری، فروری، مارچ 2006) میں حضرت مولانا سرفراز خاں صفدر زیدت معالیکم کے قلم سے جماعت المسلمین کے عقائد خود ان کی کتابوں کے حوالے سے کچھ اس طرح مذکور ہیں:
(۱) سب ایمانیات کو مان کر اور سب احکام اسلام پر عمل کرکے بھی آج کوئی مسلمان نہیں جب تک وہ پہلے مجتہدین کی تقلید سے نکل کر مسعود احمد کو امام مفترض الطاعة نہ مانے۔ (خلاصہ تلاش حق:41)
(۲) قرآن پاک ہرلحاظ سے مکمل ہے، مگر اس میں نہ نماز کا طریقہ ہے نہ کسی اور عمل کا۔ (تفہیم الاسلام: 226)
(۳) قرآن کا اسلام تو بڑا آسان ہے، دعاء مانگ لو صلاة ہوگئی، پاکیزگی اختیار کرلو زکاة ادا ہوگئی، صلاة میں ریاح خارج ہوجائے وضو سلامت رہے، ناچ،رنگ کی محفلیں قائم کرو کوئی ممانعت نہیں، فنون لطیفہ سے دلچسپی لو کوئی حرج نہیں، تاش و شطرنج سے لطف اٹھاوٴ کوئی مضائقہ نہیں، اور قحبہ خانہ کھول لو کوئی ممانعت نہیں۔ (تفہیم الاسلام:232)
(۴) قرآن پاک میں عریانیت کا در س ہے (ایضا: 246-248)۔ قرآن میں بھی ایسی آیات پائی جاتی ہیں جن سے بظاہر رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی منزلت کو بڑا دھکا لگتا ہے (ایضا: 247-248)۔ کیا ان آیات سے دشمنانِ اسلام کو ہنسنے کا موقع نہیں ملتا (ایضا: 428)۔ قرآن کی قطعیت پر قرآن کی آیات سے بھی چوٹ پڑتی ہے، سیتارتھ پرکاش وغیرہ کتابیں ملاحظہ ہوں (ایضا:255)۔ وہ مسلم رہ کر بھی قرآن کا انکار کرسکتے ہیں، مسلمانوں کا ایک جم غفیر تحریف پر ایمان رکھتا ہے (ایضا:269)۔ معلوم ہوا کہ مسعودی فرقہ کے امام مفترض الطاعة کے عقیدہ میں قرآن نہ مکمل ہے نہ قطعی ہے۔ قرآن دشمنان ِاسلام کو اسلام پر ہنسنے کا موقع دیتا ہے، قرآن رسول اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و منزلت کو بڑا دھکا لگاتا ہے۔ قرآن عریاینت کا درس دیتا ہے، ناچ رنگ ، تاش، شطرنج اور جکلے کھولنے سے منع نہیں کرتا، قرآن کی تحریف کا قائل بھی مسلم ہے۔ قرآن کا انکار کرنے سے بھی انسان مسلم ہی رہتا ہے۔
مذکورہ بالا عقائد سے اس فرقے کا گمراہ اور ناحق ہونا واضح ہوگیا، نیز اس فرقے کا اپنے لیے جماعت المسلمین نام تجویز کرنا کفار مکہ کے اپنے بتوں کے نام رکھنے کی طرح ہے کہ وہ بتوں کو تراش کر کسی کا نام اسماعیل کسی کا ابراہیم رکھتے جب کہ حضرت ابراہیم وحضرت اسماعیل علیہما السلام سے ان بتوں کا کوئی واسطہ نہیں ہوتا تھا۔ یہ تو ان کے عقائد تھے۔ حقیقت کو حاصل کرنے کا راستہ یہی ہے کہ آپ پہلے کی طرح حنفی دیوبندی ہوکر علماء اور صلحاء کی خدمت میں حاضری دیں اور ان سے قرآن وحدیث کی تعلیم سیکھیں تاکہ آپ آئندہ کسی باطل فرقے سے متأثر ہوکر اس کو اختیار نہ کرلیں۔ اللھم احفظنا منہ وأرنا الحق حقًا وارزقنا اتباعہ وأرنا الباطل باطلاً وارزقنا اجتنابہ۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند