• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 5854

    عنوان:

    حضرت ہم جماعت اسلامی کے بارے میں کیا موقف اختیار کریں؟ (۲)جماعت اسلامی والے ہم کو کہتے ہیں کہ مولانا ابوالاعلی مودودی صحیح دین سمجھے ہیں۔

    سوال:

    حضرت ہم جماعت اسلامی کے بارے میں کیا موقف اختیار کریں؟ (۲)جماعت اسلامی والے ہم کو کہتے ہیں کہ مولانا ابوالاعلی مودودی صحیح دین سمجھے ہیں۔

    جواب نمبر: 5854

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1028=1291/ ھ

     

    (۱) جماعت اسلامی حکومت کی ہر قسم کی ملازمت کوناجائز کہتی اور ہرقسم کی آمدنی کوحرام بتلاتی ہے موجودہ وقت میں جب تک وہ خود حکومت حاصل نہ کرلے اس کے نزدیک کوئی عبادت بھی کارآمد نہیں اُس (جماعت اسلامی) کے نزدیک ایمان، اسلام،توحید، رسالت، اسوہ، سنت، بدعت کا مفہوم پوری امت سے جداگانہ مفہوم ہے اس کا دعوی ہے کہ کسی نے بھی اسلام کو صحیح نہ سمجھا نہ اب نہ گزشتہ زمانوں میں حتی کہ صحابہ میں عامة اورخلفاء راشدین رضوان اللہ علیہم اجمعین میں خاصةً غیر اسلامی اورغیر دینی چیزیں موجود تھیں اوران پر بار بار جاہلیت کے حملے ہوتے تھے جس کی وجہ سے وہ ناکردنی حرکات کرجاتے تھے جماعت اسلامی کے نزدیک قرآن کریم کا مطلب سمجھنے سمجھانے کے لیے تفسیر و حدیث کا ذخیرہ کارآمد نہیں الغرض وہ دنیا کے سامنے ایک موڈرن اسلام پیش کرنا چاہتی ہے نیز وہ ایسی حکومت کا قیام چاہتی ہے کہ جس کے تصور سے دنیا ہمیشہ نا آشنا رہی ہے اور آج تک ناآشنا ہی ہے۔ یہ مضامین مودودی صاحب او ردیگر ذمہ دارانِ جماعتِ اسلامی کی کتب میں تفصیل سے موجود ہیں اس مختصر تعارف سے امید ہے کہ جماعتِ اسلامی سے متعلق موقف قائم کرنے میں آپ کو کچھ پریشانی لاحق نہ ہوگی۔

    (۲) جماعتِ اسلامی سے وابستہ دوستوں کی یہ بات بڑی عجیب و غریب ہے خود مودودی صاحب کے نزدیک چودہ سو سال سے جب یہ امت بانجھ چلی آرہی ہے اور کسی نے دین کو صحیح نہیں سمجھا بلکہ اکابر و اسلاف پر جاہلیت کے حملے ہوتے رہے تو مودودی صاحب کو صحیح دین سمجھنے کی سبیل کہاں سے میسر ہوگئی؟ بالخصوص ایسی صورت میں جب کہ بقلم خود مودودی صاحب عالم بھی نہ تھے، کم از کم ایسی تہمتِ بیجا رکھنے سے مودودی صاحب پر بچنے کی ضرورت ہے، اللہ پاک فہمِ سلیم عطا فرمائے آمین۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند