• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 57722

    عنوان: بریلویوں کے احکام بتادیں؟

    سوال: (۱) بریلویوں کے احکام بتادیں؟ ہمارے کچھ بریلوی دوست ہیں ، ان سے دوستی کرنا اور تعلقات رکھنا کیساہے؟اور کس نیت سے تعلق رکھنا کیسا ہے؟ (۲) اورایک غیرعالم دیوبندی کا بریلوی مولوی کا بینا سننا کیسا ہے؟ تفصیلاً آگاہ فرمائیں۔

    جواب نمبر: 57722

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 343-285/D=4/1436-U حدیث میں ہے المرء علی دین خلیلہ فلینظر أحدکم من یخاللہکہ آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے پس ہرایک کو دیکھ لینا چاہیے کہ وہ کس سے دوستی کررہا ہے۔ بریلوی طلبہ بدعات ورسوم میں خود مبتلا ہے یا اسے فروغ دیتا ہے یا اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے یہ چیزیں کسی بھی مسلمان کے لیے سخت نقصان دہ اور اللہ تعالیٰ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ناراضگی کا موجب ہیں۔ پس ایسے لوگوں کی دوستی سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہی مناسب ہے، سلام اور بوقت ضرورت ضروری بات چیت کرلینے پر اکتفاء کرنا چاہیے۔ سلام اور ضروری بات کی حد تک رابطہ اس نیت سے رکھنا چاہیے کہ یہ انسان ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی ہیں، دین اور رسول اللہ صلی اللہ عیہ وسلم سے محبت وتعلق کا اظہار کرتے ہیں، اگرچہ نفس وشیطان نے انہیں بہکاکر بدعات ورسوم میں مبتلا کردیا ہے اور اصل دین سے غافل بنادیا پس ان کی ہدایت کے واسطے دعا بھی کریں، خوش اخلاقی برتنے اور صلہ رحمی کرنے میں تنگی سے کام نہیں لینا چاہیے۔ (۲) دوسری حدیث میں آیا ہے إن ہذا الأمر دین فانظروا عمن تأخذون دینکمبے شک یہ دین کی باتیں ہیں، پس اچھی طرح دیکھ بھال لو کہ تم دین کس سے سیکھ رہے ہو، یا حاصل کررہے ہو، ظاہر ہے کہ بیان میں عقائد واحکام سے متعلق باتیں بتلائی جاتی ہیں جب معلوم ہے کہ بیان کرنے والا عقائد وافکار کے لحاظ سے مستند اور معتبر نہیں ہے تو اس کی باتیں سننے سے بجائے فائدہ کے نقصان ہونے کا زیادہ اندیشہ ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند