• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 3131

    عنوان: ایک میرے دوست جو اہل حدیث ہیں ، نے مجھ سے کہا کہ ہمیں مردوں کے لیے قرآن خوانی اور دوسرے اذکار جیسے درود ، استغفار وغٰیرہ نہیں پڑھنا چاہئے چونکہ اس سے مردوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوتاہے۔ ہمیں ان کے صر ف دعائے مغفرت کرنی چاہئے۔ براہ کرم، مجھے بتائیں کہ میں کیسے اپنے دعوی ایصال ثواب پیش کروں؟

    سوال: ایک میرے دوست جو اہل حدیث ہیں ، نے مجھ سے کہا کہ ہمیں مردوں کے لیے قرآن خوانی اور دوسرے اذکار جیسے درود ، استغفار وغٰیرہ نہیں پڑھنا چاہئے چونکہ اس سے مردوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوتاہے۔ ہمیں ان کے صر ف دعائے مغفرت کرنی چاہئے۔ براہ کرم، مجھے بتائیں کہ میں کیسے اپنے دعوی ایصال ثواب پیش کروں؟

    جواب نمبر: 3131

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1144/ ب= 1069/ ب

     

    اہل حدیث فرقہ تو سب سے بخیل فرقہ مانا گیا ہے، نہ خود نیکی کرتا ہے نہ دوسروں کو کرنے دیتا ہے۔ تمام اہل سنت و جماعت کا اتفاق ہے کہ تلاوت قرآن، نماز روزہ صدقہ، عمرہ، حج، قربانی وغیرہ کا ثواب اپنے علاوہ دوسروں کو مردوں کو زندوں کو حتی کہ نبی کریم صلی اللہ عیہ وسلم کو بھی پہنچانا جائز ہے۔ حنفیہ، حنبلیہ اور اکثر شوافع اسی کے قائل ہیں، مالکیہ حضرات بدنی عبادات کا ثواب پہنچانے کے قائل نہیں، جس طرح دعائے مغفرت کرنا بدنی عبادت ہے اسی طرح تلاوت کرنا، استغفار کرنا، تسبیحات پڑھنا، ذکر کرنا، درود شریف پڑھنا بھی بدنی عبادت ہے، یہ تمام امور زبان سے ہی عمل میں لآئے جاتے ہیں: ربنا اغفر لنا ولاخواننا الذین سبقونا بالایمان، إن النبی قرأ أول سورة البقرة عند رأس میت وآخرھا عند رجلیہ۔ من قرأ سورة یسین خفف اللہ عنھم یومئذ وکان لہ بعد ومن فیھا حسنات۔ ومن قرأ الإخلاص أحد عشر مرة ثم ودہب أجرھا للأموات أعطی من الأجر بعدد الأموات یہ احادیث اگرچہ ضعیف ہیں مگر فضائل اعمال میں قابل عمل ہیں۔ علاوہ ازیں اولیائے کرام اور ہمارے معتمد اسلاف میں سے شیخ ابن الموفق نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے ستر حج کیے۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے برابر عمرہ کیا کرتے تھے۔ شیخ ابن السراج نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے دس ہزار قرآن ختم کیا اور دس ہزار قربانی بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے کی۔ اہل حدیث اہل سنت و جماعت سے خارج اور معتزلی ہیں۔ معتزلیوں کا عقیدہ اختیار کررکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کے دوست کو ہدایت دے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند