• عقائد و ایمانیات >> فرق ضالہ

    سوال نمبر: 153235

    عنوان: كيا علمائے دیوبند اور ان کے متبعین حقیقی اہلِ سنت والجماعت ہیں؟

    سوال: حضرت مفتی صاحب! بریلوی کہتے ہیں کہ دیوبندی علماء کافر ہیں، ان کی کتابوں کے یہ حوالے جوکہ ذیل میں ذکر کئے گئے ہیں، براہ کرم اس کی وضاحت فرمادیں، میں بہت زیادہ پریشان ہوں اس لیے کہ میں دیوبندی علماء کو مانتی ہوں۔ (۱) حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمة اللہ علیہ نے اپنی کتاب فتاوی رشیدیہ میں لکھا ہے کہ ”اللہ تعالی جھوٹ بول سکتا ہے“ (نعوذ باللہ) فتاوی رشیدیہ : ج ۱/ ص۲۰۔ (۲) حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمة اللہ علیہ نے اپنی کتاب حفظ الایمان میں لکھا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا علم ایسا ہے جیسے بچوں، پاگلوں اور جانوروں کوبھی ہوتا ہے (حفظ الایمان ، ص: ۸) ۔ (۳) حضرت مولانا قاسم نانوتوی رحمة اللہ علیہ نے اپنی کتاب تحذیر الناس میں لکھا ہے کہ اگر کوئی نبی آجائے تو ختم نبوت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ نعوذ باللہ (تحذیر الناس، ص: ۲۴ ) (۴) حضرت مولانا خلیل احمد امبیٹھوی نے اپنی کتاب براہین قاطعہ میں لکھا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ علم شیطان کو ہے۔ نعوذ باللہ (براہین قاطعہ، ص: ۵۱-۵۲ )۔

    جواب نمبر: 153235

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1213-1130/H=11/1438

    حضرات کابر علمائے دیوبند اور ان کے متبعین حقیقی اہلِ سنت والجماعت ہیں، اتباعِ سنت کو حرزِ جان بناتے ہیں بدعات وخرافات سے خود بھی دور رہتے ہیں اورمسلمانوں کو بھی بچانے کی کوشش کرتے ہیں، امام ربانی حضرت مولانا رشید احمد صاحب گنگوہی، حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانوی، حضرت مولانا محمد قاسم صاحب نانوتوی، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب نور اللہ مراقدہم واعلی اللہ مراتبہم کبارِ علماء میں سے ہونے کے ساتھ ساتھ حضرت نبیٴ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور حضراتِ صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین اور اکابرِ اولیائے دین متین رحمہم اللہ تعالیٰ کے سچے عاشق ومتبعِ سنت بزرگ تھے، ان مذکور فی السوٴال چاروں اکابر کے فیوض وبرکات آج بھی پوری دنیا میں الحمد للہ پھیلے ہوئے ہیں ان حضرات کی جن کتابوں کے حوالے دے کر بریلوی لوگ کفر کشید کرتے ہیں ان میں وہ چار کتابیں بھی ہیں جن کے نام اور ناتمام عبارتیں آپ نے لکھی ہیں، بریلوی لوگ کس کس طرح عبارتوں میں کتر بیونت مکر وفریب کرتے ہیں اس کو ملاحظہ کرنا ہو تو ایک چھوٹی سے کتاب ہے ”غلط فہمیوں کا ازالہ“ مکتبہ دارالعلوم دیوبند سے چھپی ہے (ب) ”تحفة الجنہ لأہل السنة“ یہ بھی چھوٹی کتاب ہے، دفتر تحفظِ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند سے رابطہ کرکے حاصل کی جاسکتی ہے ان دونوں کتابوں کو اطمینان سے ملاحظہ کریں اس کے بعد کوئی اشکال رہے تو لکھ کر معلوم کرلیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند