عبادات >> احکام میت
سوال نمبر: 604950
ضرورت کی بناپر قبر کے اوپر سے راستہ بنانا كیسا ہے؟
کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان شرع مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ ایک وسیع و عریض قبرستان جہاں پر اندر اور باہر آنے جانے کے راستے کا انتظام نہ تھا اور غیر منظم ہونے کی وجہ سے تدفین کا عمل قبرستان کے ہر گوشہ پر لایا گیا، اب زیارت اور تدفین کے لئے اندر اور باہر آنے جانے کی ضرورت کی بنا پر پرانی اور بوشیدہ قبروں کے اوپر سے ہوکر راستہ بنانا کیا جائز ہے ؟ واضح رہے کہ قبروں کے اوپر سے ہو کر گزرے بغیر راستہ بنانا نا ممکن ہے برائے کرم تفصیلی وضاحت فرمائیں۔
جواب نمبر: 604950
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 810-808/M=12/1442
صورت مسئولہ میں اگر قبرستان کی واقعی صورت حال ایسی ہے کہ تدفین کے لیے جانے میں قبروں کے اوپر سے گذرنا لازمی ہوتا ہے اس کے بغیر قبرستان کے اندر جانا ممکن نہیں اور قبریں نہایت پرانی اور بوسیدہ ہوچکی ہیں تو ایسی صورت میں ان قبروں کے اوپر سے ہوکر گذرنے کی گنجائش ہے۔ راستہ عارضی ہو تاکہ بوقت ضرورت تدفین موتی کے لیے بھی وہ جگہ استعمال کی جاسکے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند