• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 54469

    عنوان: اگرکوئی شخص جمعہ کے دن مرجائے تو اس كو لوگ كہتے ہیں بڑا مبارك ہے؟

    سوال: ہمارے یہاں بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگرکوئی شخص جمعہ کے دن مرجائے تو وہ بڑا مبارک ہے ، یا رمضان میں مر جائے تو وہ بھی بڑا مبارک ہے، مجھے یہ پوچھنا ہے کہ قرآن و حدیث سے ایسی کوئی چیز ثابت ہے ؟ کیوں کہ میں نے سنا ہے کہ جب حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا وفات پاگئیں تو کسی نے قبر سے کہا بڑی مبارک ہستی آرہی ہے تو قبرنے جواب دیا کہ یہاں کوئی مبارک نہیں صرف اعمال پہ یہاں کا فیصلہ ہوگا؟

    جواب نمبر: 54469

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1673-1402/B=11/1435-U حدیث شریف میں بھی آیا ہے کہ جو مومن رمضان میں یا جمعہ کے دن وفات پائے اس سے عذاب قبر اٹھالیا جاتا ہے، محدثین کے درمیان یہ اختلاف ہے ہ ہمیشہ کے لیے قبر کا عذاب اس سے اٹھالیا جاتا ہے یا صرف رمضان تک یا صرف جمعہ کو۔ کچھ حضرات اسی دوسرے قول کو لیتے ہیں کہ صرف رمضان یا صرف جمعہ کو قبر کا عذاب اٹھایا جاتا ہے اور کچھ محدثین پہلے قول کو لیتے ہیں کہ ہمیشہ کے لیے عذاب قبر اٹھالیا جاتا ہے۔ اللہ کی بے پناہ رحمتوں سے یہی امید رکھنی چاہیے کہ ہمیشہ کے لیے اس سے عذاب قبر اٹھالیا جاتا ہے۔ اسی حدیث کی وجہ سے رمضان یا جمعہ کے دن وفات پانے والے کو مبارک کہا جاتا ہے۔ اورحضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے قبر والی بات ہماری نظر سے نہیں گذری۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند