• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 30844

    عنوان: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ میں کون کون لوگ شامل تھے؟ تاریخ کی کن کن کتابوں ان لوگوں کی فہرست موجود ہے؟

    سوال: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ میں کون کون لوگ شامل تھے؟ تاریخ کی کن کن کتابوں ان لوگوں کی فہرست موجود ہے؟

    جواب نمبر: 30844

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ل):438=338-4/1432 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جنازہ کی نماز صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے پڑھی اور نماز جنازہ پڑھنے کی صورت یہ ہوئی کہ تجہیز وتکفین کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا جنازہ مبارکہ حجرہ شریف میں رکھا گیا، پہلے مَردوں نے گروہ درگروہ نماز پڑھی پھر عورتوں نے پھر بچوں نے اس نماز میں کوئی امام نہیں تھا، ابن دحیہ فرماتے ہیں کہ ۳۰/ ہزار آدمیوں نے آپ کی نماز جنازہ پڑھی، بعض روایت سے پتہ چلتا ہے کہ فرشتوں کی جماعت نے بھی نماز جنازہ پڑھی، مسند بزار اور مستدرک حاکم میں ہے کہ آپ نے ایک روز مرض الوفات میں اہل بیت کو حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے گھر میں بلایا ، اہل بیت نے دریافت کیا یا رسول اللہ آپ کے جنازہ کی نماز کون پڑھائے؟ آپ نے فرمایا جب میری تجہیز وتکفین سے فارغ ہوجاوٴ تو تھوڑی دیر کے لیے حجرہ شریف سے باہر چلے جانا، سب سے پہلے مجھ پر جبریل نماز پڑھیں گے پھر میکائیل پھر اسرافیل اور ملک الموت پھر باقی فرشتے اس کے بعد تم ایک ایک گروہ کرکے اندر آنا اور مجھ پر صلاة وسلام پڑھنا۔ تفصیل کے لیے سیرت المصطفیٰ جلد سوم کا مطالعہ کیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند