• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 15504

    عنوان:

    مرنے کے بعد کیا ہوگا ،یعنی روح اور جسم کو کن کن مراحل سے گزرنا پڑے گا ؟جیسا کہ پتہ چلتا ہے کہ سب سے پہلے منکر نکیر آئیں گے اس کے بعد کیا کیا ہوتا جائے گا، برائے کرم مرحلہ وار وضاحت فرمائیں؟

    سوال:

    مرنے کے بعد کیا ہوگا ،یعنی روح اور جسم کو کن کن مراحل سے گزرنا پڑے گا ؟جیسا کہ پتہ چلتا ہے کہ سب سے پہلے منکر نکیر آئیں گے اس کے بعد کیا کیا ہوتا جائے گا، برائے کرم مرحلہ وار وضاحت فرمائیں؟

    جواب نمبر: 15504

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1633=1349/1430/د

     

    موت کے بعد میت کے ساتھ جو حالات پیش آتے ہیں انھیں احوال برزخ کہا جاتا ہے، احادیث سے بطور خلاصہ جو باتیں معلوم ہوتی ہیں ان کا مختصر بیان یہ ہے کہ جب میت کو قبر میں دفن کردیا جاتا ہے اور لوگ ابھی اتنی دور واپس آئے ہیں کہ ان کے جوتوں کی آواز میت سنتا رہتا ہے، دو فرشتے اس کے پاس آکر اُسے بیٹھاتے ہیں اور تین سوالات اس سے کرتے ہیں۔ من ربک؟ تمہارا رب کون ہے؟ ما دینک؟ تمہارا دین کیا ہے؟ اورحضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شبیہ ظاہر کرکے پوچھتے ہیں کہ تم ان کے بارے میں کیا کہتے ہو۔ اگر ان تینوں سوالات کے جوابات صحیح دیدئے تو اس کی قبر میں ستر ہاتھ چاروں طرف سے وسعت کردی جاتی ہے اور قبر میں روشنی کردی جاتی ہے، فرشتے اس سے کہتے ہیں نم کنومة العروس کہ دلہن کی طرح سوجاوٴ۔ اگر جوابات نہیں دے سکا او رحیرانی و پریشانی کا مظاہرہ کیا او رکہا کہ میں نہیں جانتا لوگ جو کہتے تھے میں بھی وہی کہتا تھا، تو پھر زمین سے کہہ دیا جاتا ہے کہ اس پر تنگ ہوجاوٴ، پس اس کے تنگ ہونے سے اس کی پسلیاں اِدھر کی اُدھر ہوجاتی ہے، اور قیامت تک اسے مختلف قسم کا عذاب دیا جاتا ہے۔ احادیث میں اور بھی حالات بیان کیے گئے ہیں، تفصیل کے لیے، مندرجہ ذیل کتابوں سے کوئی کتاب حاصل کرکے اس کا مطالعہ کریں۔ (۱) مرنے کے بعد کیا ہوگا؟ (۲) قبر کی پہلی رات۔ (۳) قبر کے حالات۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند