• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 10176

    عنوان:

    میت کی نمازِ جناز ہ پڑھانے کا سب سے زیادہ حق کس کو ہے؟ اور پھر اس کے بعد اور پھر اس کے بعد؟ (۲)کسی مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کروانے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

    سوال:

    (۱)میت کی نمازِ جناز ہ پڑھانے کا سب سے زیادہ حق کس کو ہے؟ اور پھر اس کے بعد اور پھر اس کے بعد؟ (۲)کسی مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کروانے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

    جواب نمبر: 10176

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 77=77/ م

     

    سب سے زیادہ استحقاق امیرالمسلمین (سلطان) کو ہے اگر وہ حاضر ہوں ورنہ ان کے نائب کو حق ہے۔ پھر قاضی کو پھر خلیفة القاضی کو حق ہے۔ پھر ان حضرات کے بعد میت کا ولی نماز جنازہ پڑھانے کا سب سے زیادہ استحقاق رکھتا ہے، پھر محلے کا امام۔ اور بہتر یہ ہے کہ اگر امام مسجد صالح دین دار اور ولی سے افضل ہو تو ولی خود امام سے پڑھانے کی درخواست کرے: کما في الدر المختار: ویقدم في الصلاة علیہ السلطان إن حضر أو نائبہ ثم القاضي ثم صاحب الشرط ثم خلیفتہ ثم خلیفة القاضي ثم إمام الحي فیہ إیہام، وذلک أن تقدیم الوُلاة واجب ، وتقدیم إمام الحی مندوب، فقط بشرط أن یکون أفضل من الولي، وإلاّ فالولي أولی کما في المجتبی۔

    (۲) بہتر طریقہ یہ ہے کہ مرحوم کے گھر والے انفرادی طور پر حسب موقع دن وتاریخ کی تعیین کے بغیر قرآن پڑھ کر ایصال ثواب کردیا کریں، قرآن خوانی کے لیے اجتماعی طور پر لوگوں کو دعوت نہ دیں، ایصال ثواب بذریعہ صدقہ وخیرات بھی درست ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند