عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ
سوال نمبر: 609162
فضائل کی بعض روایات کے بارے میں سوال
سوال:۱۔کھانا پکاتے ہوئے یہ دعا (لَيْسَ لَهَا مِنْ دُونِ اللَّهِ كَاشِفَةٌ ) پڑھے تو کھانا لذیذ بنتا ہے ؟کیا یہ بات صحیح ہے ؟
۲۔تربوز کاٹنا ہو تو پہلے یہ دعا قرآ ن کی آیت(فَذَبَحُوهَا وَمَا كَادُوا يَفْعَلُونَ )پڑھے تو تربوز میٹھا نکلتا ہے ؟کیا یہ بات صحیح ہے ؟
۳۔کلمہ طیبہ پڑھنے پر ۰۰۰۴چار ہزار نیکیا ں ملتی ہیں؟کیا یہ بات صحیح ہے ؟
۴۔ایک مرتبہ سبحان اللہ کہنے پر جنت میں ایک درخت لگتا ہے اگر سوسال عربی نسل کا گھوڑا ڈورتا رہے تو اس کا سایہ ختم نہ ہو؟کیا یہ بات صحیح ہے ؟
۵۔اوپر والا جنتی کروٹ بدلے گا نیچے والے جنتی کو خوشبو ں آئے گی وہ فرشتوں سے پوچھے گا؟یہ خوشبوں کیسی فرشتہ عرض کرے گے اوپر والے جنتی نے کروٹ بدلی اس کی خوشبوں ہے وہ پوچھے گا اوپر والے درجہ کے جنتی کا کیا عمل مجھ سے زیادہ تھا جواب ملے گا اس نے ایک مرتبہ تجھ سے ایک مرتبہ سبحان اللہ زیادہ کہا تھا، کیا یہ بات صحیح ہے ؟
جواب نمبر: 609162
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 680-166T/D=06/1443
(۱،۲) یہ دونوں قرآن کریم کی آیتیں ہیں، اگر ان کی برکت سے کھانے میں لذت آجائے، یا تربوز میٹھا نکلے توکچھ بعید نہیں؛ البتہ اس کا حدیث سے ثبوت ہمارے علم میں نہیں۔
(۳) کلمہ طیبہ پڑھنے پر چار ہزار نیکیاں ملنے کی کوئی روایت ہمیں نہیں ملی؛ البتہ کلمہ طیبہ کی احادیث میں بہت فضیلت آئی ہے۔ ایک حدیث میں ہے کہ سب سے افضل ذکر لا إلہ إلا اللہ ہے۔ (ترمذی، أبواب الدعوات، ما جاء أن دعوة المسلم مستجابة، رقم: 3680، 6/13، ت: شعیب الأرنووٴط)
(۴) حدیث میں آتا ہے کہ جو شخص سبحان اللہ العظیم وبحمدہ کہتا ہے جنت میں اس کے لیے ایک کھجور کا درخت لگتا ہے۔ (ترمذی، أبواب الدعوات، باب 61، رقم: 3769,3770، 6/80-81) البتہ بعض درخت جنت میں ایسے ہیں کہ اگر سو سال تک گھڑ سوار اس کے سائے میں چلتا رہے تو اس کا سایہ ختم نہ ہو۔ (البخاری: 1/461، جزء 13، ط: قدیمہ ہندیہ، کتاب بدء الخلق، ما جاء في صفة الجنة، رقم: 3251) لیکن سبحان اللہ وبحمدہ کہنے پر لگنے والا یہ درخت ہوگا یا کوئی اور، یہ حدیث میں نہیں ملا۔
(۵) اس طرح کی بھی کوئی حدیث ہمیں نہیں مل سکی۔ آپ نے جن سے یہ روایتیں سنی ہوں ان سے ان روایتوں کا حوالہ پوچھئے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند