عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ
سوال نمبر: 602375
كیا غیرمسلموں كو دعوت دئیے بغیر اتباع سنت کا دعوی ادھورا ہے؟
ایک مولانا صاحب نے اپنے بیان میں اس طرح کہا کہ"" بغیر ایمان والے بھائیوں کو دعوت دئیے بغیر اتباع سنت کا دعوی ادھورا ہے ! ادھورا ہے ! ادھورا* ہے ؟"" کیا ان کا ایسا کہنا درست ہے ؟
جواب نمبر: 602375
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 417-309/D=06/1442
کسی چیز کی طرف خصوصیت سے متوجہ کرنے اور اس کی اہمیت ظاہر کرنے کے لئے وعظ و تقریر میں اس طرح کا انداز اور لہجہ اختیار کرلیا جاتا ہے۔ مقصد یہاں یہ ہے کہ غیر ایمان والے بھائیوں کے ایمان کی فکر کرنا اور ان کو دین کی دعوت دینا ضروری ہے چنانچہ کچھ لوگ اس کام کی طرف متوجہ ہیں فللہ الحمد۔
مسلمانوں کا شعائر اسلام انجام دینا کھلے عام نماز و اذان کا قائم ہونا اور احکام اسلام کا عام ہونا کہ جو چاہے اسے سیکھ سکتا ہے سمجھ سکتا ہے بھی ایک طرح کی دعوت ہے۔
جن امور میں اتباع سنت پائی جائے گی ان میں آدمی متبع سنت کہلائے گا اور جن میں نہیں ان میں کوتاہی کرنے والا شمار ہوگا۔ اللہ تعالی ہر مسلمان کو کامل متبع سنت بنادے۔
مولانا صاحب نے بیان میں کیا ارشاد فرمایا جب تک پورا بیان سامنے نہ ہو کسی ایک جملے سے بغیر سیاق و سباق کے پوری بات واضح نہیں ہوتی۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند