عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ
سوال نمبر: 602160
اسلام كس چیز كا نام ہے؟
دیکھا گیا ہے کہ جو لوگ تبلیغی جماعتوں سے وابستہ ہوتے ہیں، عمومی طور پر ان کے دلوں میں نرمی کی بجائے سختی اور درشتیگی پیدا ہو جاتی ہے ۔وہ اپنے رویوں سے یہ ثابت کرتے ہیں کہ ان کے غلط اعمال بھی درست ہیں۔وہ حقوق اللہ کو تو فوقیت دیتے ہیں مگر حقوق العباد کو پس پشت ڈال دیتے ہیں پھر بھی یہی گمان کرتے ہیں کہ ان کا ہر عمل درست ہے ۔ وہ لوگوں کے روز مرہ کے معاملات میں نرم گوشہ نہیں رکھتے بلکہ سختی روی سے کام لیتے ہیں۔جو دین اسلام کو روح کے منافی ہے ۔ روشنی ڈالئیے ۔
جواب نمبر: 602160
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa : 464-427/B=07/1442
اسلام تین چیزوں کے مجموعہ کا نام ہے۔ (۱) عبادات کی درستگی، اخلاق کی درستگی، معاملات کی درستگی۔ یہ تینوں جس کی درست ہوں گی وہی کامل مسلمان ہے۔ عام طور پر لوگ عبادات کی درستگی کو ہی دین داری اور تقوی سمجھتے ہیں حالانکہ عبادات کے مقابلہ میں اخلاق کی درستگی زیادہ ضروری ہے۔ اَلْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُوْنَ مِنْ لِّسَانِہ وَیَدِہ۔ کامل مسلمان وہی ہے جس کی زبان سے اور جس کے ہاتھ سے دوسرے مسلمان کے دل کو کوئی تکلیف نہ پہونچی ہو۔ ماں باپ کو نہ ستایا ہو، علماء کو برا بھلا نہ کہا ہو، بڑوں کے ساتھ بے ادبی نہ کی ہو، نہ کسی پر ظلم کیا ہو، اسی طرح عبادات کے مقابلہ میں معاملات کی درستگی بہت ضروری ہے۔ کسی کا پیسہ، زمین، مکان نہ دبایا ہو، کسی کو دھوکا نہ دیا ہو، کسی سے وعدہ خلافی نہ کی ہو، کسی سے رشوت نہ لی ہو، سود نہ لیا ہو، حرام کمائی نہ کمایا ہو، بلکہ عبادات کے مقابلہ میں اخلاق کی درستگی اور معاملات کی درستگی ہر مسلمان کے لئے زیادہ ضروری ہے کیونکہ یہ حقوق العباد سے متعلق ہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند