• معاشرت >> لباس و وضع قطع

    سوال نمبر: 25387

    عنوان: مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ داڑھی نہ رکھنا گنا ہ کبیرہ ؟ ہمارے مذہب میں داڑھی کا کیا مقام ہے؟ میں اکثر اپنے اطراف میں دیکھتاہوں کہ لوگ تو داڑھی تو رکھ لیتے ہیں، لیکن معاملامت طے کرنے میں ان کو سنت یاد نہیں آتی ہے گویا داڑھی رکھنا آسان ہے اور اس کو نباہنا مشکل ہے؟ اگر ہم نے داڑھی نہیں رکھی ہے تو کیا ہم مسلمان کہلائیں گے؟ براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں ۔

    سوال: مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ داڑھی نہ رکھنا گنا ہ کبیرہ ؟ ہمارے مذہب میں داڑھی کا کیا مقام ہے؟ میں اکثر اپنے اطراف میں دیکھتاہوں کہ لوگ تو داڑھی تو رکھ لیتے ہیں، لیکن معاملامت طے کرنے میں ان کو سنت یاد نہیں آتی ہے گویا داڑھی رکھنا آسان ہے اور اس کو نباہنا مشکل ہے؟ اگر ہم نے داڑھی نہیں رکھی ہے تو کیا ہم مسلمان کہلائیں گے؟ براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں ۔

    جواب نمبر: 25387

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 1899=522-10/1431

    (۱) داڑھی نہ رکھنا گناہِ کبیرہ ہے۔
    (۲) ایک مشت سے کم رکھنے کی خاطر کترنا یا کٹوانا ناجائز ہے، مونڈنا یا مونڈوانا حرام ہے، کتب حدیث، شروحِ حدیث فقہ وفتاویٰ سے اسی طرح ثابت ہے۔ (الف) داڑھی کا فلسفہ (ب) داڑھی کا وجوب (ج) اختلافِ امت اور صراطِ مستقیم (د) انبیاء (علیہم السلام) کی سنتیں، ان کتابوں نیز دیگر ثقہ اہل علم کی معتبر کتابوں میں تفصیل سے دلائل مذکور ہیں، یہ کتابیں پاکستان میں عام کتب خانوں میں قیمتاً دستیاب ہیں، ان کو اطمینان سے ملاحظہ کیجیے۔
    (۳) یہ توصحیح ہے کہ داڑھی رکھنے والے سے بھی کبھی کوئی گناہ ہوجاتا ہے، مگر یہ بھی اپنی جگہ بالکل درست ہے کہ داڑھی پوری رکھنے کی برکت سے بہت سے گناہوں سے بچاوٴ بھی ہوجاتا ہے، آپ کے اندازِ بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ چونکہ داڑھی رکھنے والے بعض لوگ معاملات میں گڑبڑ کرتے ہیں اس لیے داڑھی نہ رکھنا چاہیے، اگر یہی منشأ سوال ہے تو آپ کو نظر ثانی کی ضرورت ہے، بعض نمازی بعض روزہ دار بعض حاجی وغیرہ بھی معاملات میں شریعت کی میزان میں پورے نہیں اترتے تو کیا آپ سب سے یہی ارشاد فرمائیں گے کہ جب ایسا ہے تو نماز روزہ حج زکاة سب کچھ مسلمانوں کو چھوڑدینا چاہیے، بلکہ اس سے آگے اگر کوئی ترقی کرتے ہوئے کہے کہ اہل ایمان واہل اسلام بہت سے گناہوں میں رات دن ملوث رہتے ہیں، شراب جوا، بداخلاقی، بدمعاملگی، بدعہدی فسق وفجور میں مبتلا رہتے ہیں جب ایسا حال ہے تو ایمان واسلام کو بھی چھوڑدینا چاہیے، کیونکہ بقول آپ کے ایمان اسلام نماز روزہ حج زکاة سب کچھ آسان ہے مگر ان کا نباہنا مشکل ہے۔
    (۴) داڑھی نہ رکھنا گناہ کبیرہ ہے، مگر اس کی وجہ سے ایمان سے خارج ہونے کا حکم لاگو نہیں ہوتا، البتہ داڑھی کے متعلق اعتراض کرنے میں زبان پر قابو کرنے کی سخت ضرورت ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند