• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 53803

    عنوان: كیا نقد كے مقابلے میں ادھار كی زیادہ قیمت دی جاسكتی ہے؟

    سوال: (۱) ایک صاحب قسطوں کی دکان کرتے ہیں جب ان سے کوئی سامان لینا ہوتا ہے تو وہ تیس فیصد زائد لیتے ہیں مثلا ایک چیز کی قیمت ایک ہزار روپئے ہے تو اس کی پہلے تین سو روپئے ایڈوانس لیتے ہیں پھر وہ چیز ان کے پاس نہیں ہوتی ہے تو وہ ہمیں ایک ہزارروپئے دیتے ہیں کہ مارکیٹ سے آپ چیز خرید لیں اور رسید ہمیں جمع کرادیں۔ کیا اس طرح سامان خریدنا صحیح ہے؟ (۲) حج اور زکوة کس سن ہجری میں فرض ہوا؟ (۳) ایک رکعت میں ایک پارہ اور دوسری میں سورہ اخلاص اس طرح پڑھنا صحیح ہے؟ (۴) الخلق عیال اللہ اس سے ملتی جلتی کوئی قرآن کی آیت بتائیں ؟ کیوں کہ حالی کا شعر ہے: یہ پہلا سبق تھا کتاب ہدی کا کہ ساری مخلوق ہے کنبہ خدا کا (۵) درود پڑھ کر اس کا ثواب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو ہدیہ کرنا کیسا ہے؟ (۶) بغیر اجازت دلائل الخیرات پڑھنا۔ کیا کسی صاحب سے اجازت لینا ضروری ہے یا ویسے بھی پڑھ سکتے ہیں؟ (۷) کیا سینے کا بال اتار سکتے ہیں؟ (۸) کیا جس طرح عام کپڑوں میں طواف کرتے ہیں عمرہ ادا کرنے کے بعد کیا اس طرح سعی بھی؟

    جواب نمبر: 53803

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1021-803/D=9/1435-U (۱) وہ صاحب ایک ہزار روپے آپ کو دیتے ہیں جس سے کہ آپ اپنا مطلوبہ سامان خریدلاتے ہیں تو ایک ہزار آپ کے ذمہ ان صاحب کے قرض ہوئے جس کی ادائیگی آپ پر لازم ہے، لیکن تین سو روپے جو ان صاحب نے ایڈوانس لیے وہ یقینی طور پر سود ہے جس کا لینا اور دینا دونوں حرام ہے، لہٰذا اس طرح کا معاملہ کرنے سے گریز کیا جائے۔ (۲) زکاة سن ۲/ ہجری میں فرض ہوئی او رحج ۶/ ہجری میں فرض ہوا۔ فرضت (الزکاة) في السنة الثانیة من الہجرة (حاشیة الطحطاوي ۷۱۳) واختلف العلماء في السنة التي فرض فیہا الحج والمشہور أنہا ست وہو الصحیح (حاشیة الطحطاوي ۷۲۶) (۳) نوافل میں جائز ہے۔ (۴) اس وقت ذہن میں نہیں ہے۔ (۵) درست ہے۔ (۶) بغیر اجازت پڑھنا بھی جائز ہے، لیکن اجازت سے مشائخ سلسلہ کی برکات وفیوض شامل ہوجاتے ہیں۔ (۷) جائز ہے مگر خلاف ادب ہے۔ (۸) سعی عمرہ کی؟ یا حج کی؟ اور حج میں طواف قدوم کی یا طواف زیارت کی واضح کریں کونسی سعی مراد ہے؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند