• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 51816

    عنوان: كسی چیز كو چكھنا اور پھر نہ خریدنا كیسا ہے؟

    سوال: میرے ایک ساتھی نماز کے بعد جب مسجد سے باہر نکلتے ہیں تو کھجور فروخت کرنے والے کے پاس سے کھجور کھاتے ہیں صرف اس وجہ سے کہ ان کو کھجور پسند ہے، وہ خریدنے کے ارادے سے نہیں صرف چیک کرنے کے ارادے سے کھاتے ہیں ، میں نے بولا ہے کہ اس طرح جائز نہیں ہے،اگر آپ کو خریدنا ہے تب آپ چیک کررہے ہیں تو کوئی بات نہیں ، لیکن ایسے فری میں بھلے ہی چارپانچ دانے ہی کیوں نہ ہو جائز نہیں؟ان کی تنخواہ بھی ماشاء اللہ اچھی ہے، وہ خرید سکتے ہیں ، ہم سعودی عربیہ میں کام کرتے ہیں ۔ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 51816

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 682-481/L=6/1435-U آپ نے اپنے دوست کو صحیح بات بتائی، اگر خریدنے کا ارادہ نہ ہو تو چیک کرنے کے ارادے سے کھانا منع ہے، فتاوی رحیمیہ میں خریدتے وقت چیزیں چکھنے کے بارے میں لکھتے ہیں ”اس کی تین صورتیں ہیں (۱) خریدنے کا ارادہ نہ ہو تو منع اور مکروہ ہے، نقصان کا بدلہ دے۔ (۲) خریدنے کا عزم تھا، چکھنے کے بعد پسند آئی ہے پھر ارادہ بدل گیا تو نقصان کا بدلہ دے یا مالک سے معافی چاہے۔ (۳) چکھنے کے بعد پسند نہ آیا تو نہ خریدنے میں کوئی حرج نہیں۔ (فتاوی رحیمیہ: ۹/۲۱۷، ط دارالاشاعت)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند