• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 32696

    عنوان: کیا محض نقشہ کی وجہ سے منزل کی تعمیر سی پہلے اس کی خرید و فروخت جائز ہے یا نہیں

    سوال: کیا فرماتے ہیں علما کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ آج کل کوئی کمپنی کسی بلڈنگ کا نقشہ تیار کرتی ہے اور اس کی تعمیر سے پہلے ہی اس کے فلیٹ یعنی منزل فروخت کردیتی ہے تو کیا محض نقشہ کی وجہ سے منزل کی تعمیر سی پہلے اس کی خرید و فروخت جائز ہے یا نہیں برائے کرم قرآن وحدیث کی روشنی میں مطلع فرمائیں نواز ہوگی۔ ج۔ نیز ایک کمپنی ایسی بھی جو کمپنی تعمیر سے پہلے محص نقشہ کی بنا پر فلیٹ کی قیمت لے لیتی ہے پھر پانچ سال تک اس فلیٹ کا کرایہ مشتری کو دیتی ہے پھر تقریبا پانچ سال بعد جب تک فلیٹ تعمیر بھی ہوجاتا ہے پھر مشتری کے حوالہ کردیتی ہے تو کیا اس فلیٹ کو خریدنا اور کمپنی سے پانچ سال تک کرایہ لینا جب کہ وہ تعمیر بھی نہیں ہوا ہے ،جائز ہے یا نہیں ؟ مطلع فرمائیں !

    جواب نمبر: 32696

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(د): محض نقشے کی بنیاد پر منزل کی تعمیر سے پہلے ”بیع استصناع“ کے حکم میں ہوکر فلیٹ کی خریداری جائز ہے۔ بأن الاستصناع جائز في کل ما جری التعامل فیہ کالقلنسوة والخف والأواني المتخذة من الصفر والنحاس وما أشبہ ذلک استحسانًا (التفاوی التاتار خانیہ: ۹/۴۰۰) البتہ مشتری کا کمپنی سے کرایہ لینا جائز نہیں ہے، کیوں کہ کرایہ کسی چیز کا عوض ہوا کرتا ہے اور یہاں کرایے کی مالیت کے مقابلے میں کوئی عوض نہیں ہے؛ لہٰذا فلیٹ کا کرایہ لینا جائز نہیں ہے: الإجارة اسم للأجرة، وہي کراء الأجیر، وقد أعطاہ إذا أعطاہ أجرتہ، وفي الہدایة: الإجارة عقد علی المنافع بعوض، وفي الزاد: یرید بالعوض عوضًا ہو مال (الفتاوی التاتارخانیة: ۳/۱۵) دوسرے یہ کہ اس میں ایک معاملہ دوسرے معاملے سے خلط ملط ہوجاتا ہے جب کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک معاملے کو دوسرے معاملے میں ملحق کرنے سے منع فرمایا ہے: نہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عن بیعتین في بیعة (الموطا لمالک، رقم الحدیث: ۲۴۴۴) وأیضًا نہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عن صفقتین في صفقة واحدة․ (مسند أحمد، رقم الحدیث: ۳۵۹۵) نیز واضح رہے کہ فلیٹ پر مکمل قبضے سے پہلے اس کو کسی دوسرے شخص کو بیچنا بھی جائز نہیں ہے، کیونکہ ابھی مبیع پر قبضہ نہیں ہوا ہے اور بیع قبل القبض جائز نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند