• معاملات >> بیع و تجارت

    سوال نمبر: 147465

    عنوان: کھیل والے کپڑوں کی تجارت

    سوال: میں کپڑوں کی تجارت کا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہوں، کیا میں کھیل میں استعمال ہونے والے کپڑوں کی خرید فروخت کرسکتا ہوں؟بعض حضرات کا کہنا ہے کہ وہ غیر شرعی لباس ہے اس لئے اس کی تجارت درست نہیں.جبکہ میں صرف ٹی شرٹ کا کاروبار کرنا چاہتا ہوں،کیا میں بڑے برانڈ کی نقل بنا کر بیچ سکتا ؟ نقل یا تو بالکل ہو بہو ہو گی یا اس میں معمولی سا غیر واضح فرق ہوگا؟اس میں نام وغیرہ اصل برانڈ کا ہی ہوگا مگر بازار میں ایسے کپڑے نقل ( فرسٹ کاپی)کی شکل میں فروخت ہوتے ہیں،کیا میں کھیل کے کپڑوں کے علاوہ دیگر ٹی شرٹ وغیرہ کی تجارت کرسکتا ہوں؟

    جواب نمبر: 147465

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 409-450/L=5/1438

    کھیل میں استعمال ہونے والے کپڑے فروخت کرنے کی اجازت ہے بشرطیکہ وہ اس قدر چست نہ ہوں کہ جن سے اعضائے مستورہ کی ساخت معلوم ہوتی ہو، اسی طرح ٹی شرٹ کے کاروبار کی بھی گنجائش ہے۔

    (۲) کسی برانڈ کی نقل بناکر اسے اصل برانڈ کہہ کر فروخت کرنا خواہ اس میں فرق ہو یا نہ ہو دھوکہ دہی میں داخل ہے جو جائز نہیں؛ البتہ اگر آپ مشتری کو یہ بتادیا کریں کہ یہ فلاں برانڈ کی نقل ہے تو پھر یہ دھوکہ نہ ہوگا اور آپ کا کاروبار درست ہوجائے گا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند