• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 177071

    عنوان: دابۃ الارض کی حقیقت اور اس کا مصداق

    سوال: دابہ کسے کہتے ہیں ؟ دابہ سے مراد کون ہے ؟ یعنی اس پیشن گوئی کا مصداق کونسی شے ہے ؟

    جواب نمبر: 177071

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 542-416/SN=06/1441

    دابة الارض قیامت کی بڑی علامات میں ہے، قرآن کریم میں اسی طرح متعدد احادیث نبویہ میں اس کا ذکر آیا ہے۔ ”عقائد الاسلام“ (موٴلفہ حضرت مولانا ادریس صاحب کاندھلوی رحمہ اللہ) سے ”دابة الارض“ کی حقیقت وغیرہ تفصیلات پر مشتمل صفحات ارسال ہیں، انھیں ملاحظہ فرمالیں۔

    دابة الارض کا نکلنا:

    قیامت کی ایک بڑی نشانی زمین سے دابة الارض کا نکلنا ہے۔ جو نص قرآنی سے ثابت ہے:

    وَاِذَا وَقَعَ الْقَوْلُ عَلَیْہِمْ اَخْرَجْنَا لَہُمْ دَابَّةً مِنَ الْاَرْضِ تُکَلِّمُہُمْ اَنَّ النَّاسَ کَانُوْا بِآَیَاتِنَا لَا یُوْقِنُوْنَ (82)

    اور جب قیامت کا وعدہ پورا کرنے کا وقت قریب الوقوع ہو جائے گا تو اس وقت ہم لوگوں کی عبرت کے لئے زمین سے ایک عجیب و غریب جانور نکالیں گے جو لوگوں سے باتیں کرے گا اور کہے گا کہ اب قیامت قریب آگئی ہے۔ یہ جانور ہم زمین سے اس لئے نکالیں گے کہ لوگ ہماری نشانیوں کا یقین نہیں کرتے تھے۔

    جس روز آفتاب مغرب سے طلوع ہوگا اسی دن یا اگلے دن یہ عجیب الخلقت جانور زمین سے نکلے گا۔ مکہ مکرمہ کا ایک پہاڑ جس کو کوہِ صفا کہتے ہیں وہ پھٹے گا اس میں سے ایک عجیب الخلقت جانور نکلے گا اور لوگوں سے کلام کرے گا جس طرح اللہ تعالی نے اپنی قدرت سے حضرت صالح علیہ السلام کے ناقہ کو پتھر سے نکالا تھا۔ اسی طرح اپنی قدرت سے قیامت کے قریب زمین سے ایک جانور نکالیں گے جو لوگوں سے کلام کرے گا اور قیامت کی خبر دے گا۔ مومنوں کے چہروں پر ایک نورانی نشان لگائے گا جس سے مومنین کے چہرے روشن ہو جائیں گے اور کافروں کی آنکھوں کے درمیان ایک مہر لگائے گا جس سے ان کے چہرے سیاہ ہو جائیں گے اور حسب ارشاد باری:

    وَامْتَازُوْا الْیَوْمَ اَیُّہَا الْمُجْرِمُوْنَ (59)

    اے مجرمو! آج تم (مومنوں سے) الگ ہو جاوٴ۔ (یٰسین : ۵۹)

    مسلم اور مجرم کا امتیاز اس طرح شروع ہو جائے گا اور پورا امتیاز حساب و کتاب کے بعد ہوگا۔

    حکمت:

    اور شاید حکمت اس میں یہ ہو کہ منکرین قیامت کی حماقت اور جہالت کو ظاہر کرنا ہو کہ جس چیز کو تم نے انبیاء کرام کے کہنے سے نہ مانا آج اسی چیز کو ایک جانور کے کہنے سے تم کو ماننا پڑا لیکن یہ ماننا تمہارا معتبر نہیں اس لئے کہ بعد الوقت ہے ماننے کا وقت گزر چکا ہے۔

    فائدہ:

    دابة من الارض کے لفظ سے یہ مفہوم ہوتا ہے کہ یہ جانور زمین سے اس طرح نکلے گا جیسے بچہ ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتا ہے۔ جیسے صالح علیہ السلام کی ناقہ پتھر سے پیدا ہوئی تھی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند