• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 1801

    عنوان:

    شیخ کامل کی پہچان

    سوال:

    میں نے سنا ہے کہ صر ف جامع شریعت کے ساتھ کسی پیر سے بیعت ہونا چاہئے، جامع شریعت یہ ہے (۱) عالم ہو ( اتنا کہ وہ فقہ کے مسائل خود سے نکا ل سکیں) (۲) عقیدے صحیح اور پکے اور شریعت کے پابند ہو۔ (۳) اس کا سلسلہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے ملتا ہو۔ (۴) کوئی اعلانیہ گنا ہ نہ کرتاہو۔ براہ کرم، تفصیل سے بتائیں۔ میں کسی پیر سے بیعت ہونا چاہتاہوں۔ میر ی رہنمائی فرمائیں۔

    جواب نمبر: 1801

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 663/ ن= 659/ ن

     

    شیخ کامل کی چند علامات یہ ہیں:

    (۱) زندگی کے ہرشعبے میں پورے طور پر متبعِ سنت ہو اور اپنے متعلقین و مریدین کو بھی ہرمعاملہ میں اتباعِ سنت کی تلقین و تاکید کرتا ہو۔

    (۲) امراء و اغنیاء کے بجائے صلحاء و علمائے حق اس کی طرف زیادہ متوجہ ہوں اور اس سے عقیدت رکھتے ہوں۔

    (۳) اس کے پاس بیٹھنے سے اللہ تعالیٰ کی یاد، آخرت کی فکر، اور دنیا سے بے رغبتی پیدا ہو۔

    (۴) اس کے ساتھ اصلاحی تعلق رکھنے والوں کی اکثریت ظاہراً و باطناً شریعت کی پابند ہو۔ ماشاء اللہ آپ کے پاکستان میں ایسے بزرگان دین بہت سارے ہیں: مثلاً حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم۔ حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب مدظلہ العالی، حضرت مولانا پیر فقیر ذوالفقار احمد صاحب نقشبندی، حضرت مولانا سعید احمد صاحب رائے پوری اور بہت سے بزرگانِ دین۔ اللہ تعالیٰ ان سب کی عمریں دراز فرمائے اور ان کے فیوض و برکات کو خوب عام فرمائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند