• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 177804

    عنوان: مرشد کسے کہتے ہیں؟

    سوال: براہ کرم، بتائِیں کہ مرشد کسے کہتے ہیں؟

    جواب نمبر: 177804

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 719-570/D=08/1441

    ”مرشد“ ارشاد سے بنا ہے جس کے معنی ہیں راستہ دکھانا ، راہنمائی کرنا۔ مرشد کے معنی ہیں راستہ دکھلانے والا، راہنمائی کرنے والا۔

    دینی عرف میں مرشد اس نیک و صالح شخص کو کہا جاتا ہے جو لوگوں کو دین کا راستہ بتلاتا ہو اور صوفیائے کرام کی اصطلاح میں ”مرشد“ اس شیخ کامل کو کہتے ہیں جس نے اتباع شریعت اور احوال طریقت میں خود کمال پیدا کر لیا ہو اور اس کے کامل یا قابل ارشاد و تلقین ہونے کی تصدیق کسی دوسرے شیخ کامل نے کردی ہو اسی کو ”شیخ“ بزرگ، ولی اللہ، عارف باللہ بھی کہا جاتا ہے۔

    جس کی علامت یہ ہے کہ گناہوں سے بالخصوص کبائر سے بچنے کا اہتمام کرتا ہو فرائض و واجبات کے ساتھ دیگر باتوں میں احکام شرع کا پابند ہو، حرص دنیا سے مجتنب ہو کر فکر آخرت کی طرف متوجہ ہو نیز اس نے کسی کامل کی صحبت میں رہ کر اپنے باطن کا تزکیہ اور اصلاح بھی کرایا ہو۔

    دوسروں کو اس کی صحبت میں بیٹھنے سے دنیا سے بے توجہی و آخرت کی رغبت اور اللہ تعالی کی یاد پیدا ہوتی ہو۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند